رمضان المبارک :دنیا کا طویل ترین روزہ آئس لینڈ میں جبکہ مختصر ترین چلی میں ہوگا

الاسکا اور فن لینڈکے مسلمانوں سعودی عرب یا کسی دوسرے اسلامی ملک کے اوقات کے مطابق سحروافطار کریں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 5 جون 2016 14:20

رمضان المبارک :دنیا کا طویل ترین روزہ آئس لینڈ میں جبکہ مختصر ترین چلی ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05جون۔2016ء) رمضان المبارک کا آغاز پاکستان میں منگل یا بدھ سے جبکہ سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں پیر یا منگل سے ہورہا ہے - پاکستان میں روزوں کا دورانیہ لگ بھگ 16 گھنٹے یا اس سے زائد ہی ہوگا جبکہ یورپی ملک آئس لینڈ کے مسلمان طویل ترین روزہ رکھیں گے جوکہ 22 گھنٹے طویل ہوگا۔ آئس لینڈمیں روزے کا آغاز صبح ایک بج کر 45 منٹ پر ہوگا جبکہ افطار کا وقت نصف شب کو ہوگا، آئس لینڈ کے بعد دوسرے پر سوئیڈن ہے جہاں پر روزوں کا دورانیہ 21 گھنٹے 58 منٹ ہوگا، جس کے بعد ناروے 20 گھنٹے 45 منٹ، ڈنمارک 20 گھنٹے 21 منٹ اور ہالینڈ 19 گھنٹے 8 منٹ کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

اسی طرح دنیا میں روزے کا سب سے کم دورانیہ وسطی امریکی ملک چلی میں ہوگا جو کہ 11 گھنٹے 30 منٹ ہوگا، جس کے بعد جنوبی افریقہ ہے جہاں یہ دورانیہ 12 گھنٹے 06 منٹ ہوگا، جبکہ پاپوا نیو گنی میں 12 گھنٹے 10 منٹ، ارجنٹائن میں 12 گھنٹے 21 منٹ اور آسٹریلیا میں 12 گھنٹے 38 منٹ ہوگا۔

(جاری ہے)

ہندوستان میں 17 گھنٹے 11 منٹ، مراکش میں 17 گھنٹے 12 منٹ، عراق میں 16 گھنٹے 24 منٹ، الجزائر میں ساڑھے 17 گھنٹے، میکسیکو میں لگ بھگ 17 گھنٹے، اردن میں 17 گھنٹے 31 منٹ، لبنان میں ساڑھے 17 گھنٹے، سعودی عرب میں 16 گھنٹے 13 منٹ، ایران میں 16 گھنٹے 19 منٹ، مصر میں 16 گھنٹے 6 منٹ، فلسطین میں 17 گھنٹے 39 منٹ اور امریکا میں 16 گھنٹے 44 منٹ طویل ہوگا۔

امریکی ریاست الاسکا کے علاقے جونا میں مسلمان روزہ رکھنے کے بعد افطار کیسے کریں گے جہاں سورج آدھی رات کے بعد بھی آسمان پر نظر آرہا ہوتا ہے، یا فن لینڈ کے شمالی علاقوں میں جہاں موسم گرما کے دوران پورے 2 ماہ تک سورج غروب ہی نہیں ہوتا۔ مقامی علماءنے گزشتہ سال فتویٰ جاری کیا تھا کہ مقامی مسلمان کسی اور ملک کے سورج طلوع و غروب ہونے کے اوقات کے مطابق روزہ رکھ سکتے ہیں۔

اسلامک سینٹر آف ناردرن ناروے نے ایک فتویٰ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ مقامی مسلمانوں کو آپشن دیا گیا کہ اگر ناروے میں روزے کا دورانیہ بیس گھنٹوں سے تجاوز کرے تو وہ مکہ مکرمہ میں رمضان کے نظام الاوقات پر عمل کرتے ہوئے روزہ رکھ سکتے ہیں۔امریکا میں بھی علماءنے بھی اس سے ملتا جلتا فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو مسلمان الاسکا کے انتہائی شمالی خطے میں رہتے ہیں وہ کسی اور ملک کے سورج طلوع اور غروب ہونے کے اوقات کے مطابق سحر اور افطار کرسکتے ہیں۔