ممبئی میں پونے ایکسپریس وے پر حادثے میں 17 افراد ہلاک 33زخمی ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 5 جون 2016 13:51

ممبئی میں پونے ایکسپریس وے پر حادثے میں 17 افراد ہلاک 33زخمی ہوگئے

ممبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05جون۔2016ء) بھارت کے معروف شہر ممبئی میں پونے ایکسپریس وے پر اتوار کی صبح پنویل کے قریب ہونے والے ایک حادثے میں 17 لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں چھ ماہ کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔اس حادثے میں 33 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اور انھیں نوی یعنی نئی ممبئی کے ایم جی ایم ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

حادثہ اتوار کی صبح تقریباً تین بجے صبح پنویل کے پاس ہوا۔ممبئی پولیس کنٹرول روم کے مطابق پونے سے ممبئی کی جانب آنے والی ایک مارتی سوفٹ کار کا ٹائر پنویل کے قریب پنکچر ہو گیا تھا. اس کار کے مسافروں کی مدد کے لیے پیچھے سے آنے والی ایک انووا کار وہاں رکی۔جب یہ لوگ سوئفٹ کار کا ٹائر تبدیل کر رہے تھے تو ستارا سے ممبئی جانے والی ایک پرائیوٹ لگڑری بس نے دونوں کاروں کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔

(جاری ہے)

اس تصادم کے بعد بس اور انووا ایک 20 فٹ گہری کھائی میں جا گری ۔حادثے میں ایک چھ ماہ کے بچے، دس خواتین اور چھ مردوں سمیت 17 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 33 دیگر مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی نوی ممبئی پولیس اور ہائی وے پولیس کی ٹیمیں ایمبولینسوں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچیں اور فوری طور پر امدادی کام شروع کیا۔نوی ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ایک جائزے کے مطابق انڈیا میں سڑک حادثے میں سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں اور اس کی وجہ ٹریفک اصولوں کی پروا نہ کرنا، سڑکوں کا خراب ہونا اور حد سے زیادہ تیز گاڑی چلانا وغیرہ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :