پرزم سے لین دین کا حجم 4 فیصد بڑھ گیا، مالیت 12 فیصد کم ہو گئی

ہفتہ 4 جون 2016 21:36

کراچی ۔ 4 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جون۔2016ء) مالی سال 2016ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران پاکستان رئیل ٹائم انٹر بینک سیٹلمنٹ میکانزم (پرزم) نے 564 کھرب روپے مالیت کے 235,274 سودوں کا تصفیہ کیا جس سے مالی سال 2016ء کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں حجم میں 4 فیصد اضافہ اور سودوں کی مالیت میں 12 فیصد کمی ظاہر ہوتی ہے۔ ہفتہ کو مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پرزم لین دین کی تعداد بڑھانے میں بڑا حصہ انٹر بینک فنڈ ٹرانسفر کا تھا جو 3 فیصد بڑھا جبکہ تمسکات کے تصفیے جو 18 فیصد کم ہوئے، کی بنا پر پرزم لین دین کی مالیت گری۔

مالی سال 2016ء کی تیسری سہ ماہی میں انٹرنیٹ بینکاری کے حجم اور مالیت میں بالترتیب 7 فیصد اور 9 فیصد اضافہ ہوا۔ پوائنٹ آف سیل لین دین کے حجم اور مالیت میں گذشتہ سہ ماہی کی نسبت 5 فیصد اور 6 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح موبائل بینکاری کا حجم 12 فیصد بڑھ گیا اور اس کے سودوں کی مالیت گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 11 فیصد بڑھ گئی۔ اے ٹی ایم سے لین دین کے حجم میں مالی سال 2016ء کی گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 2 فیصد اور مالیت میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔

رئیل ٹائم آن لائن بینکاری کا حجم 32.8 ملین سے بڑھ کر 35 ملین ہو گیا جبکہ مالیت 5 فیصد کم ہو گئی، یعنی 82 کھرب روپے سے کم ہو کر 78 کھرب روپے رہ گئی۔ اس کی وجہ اکاؤنٹ سے اکاؤنٹ کو رئیل ٹائم رقوم کی منتقلی میں آنے والی کمی ہے، غیر مالی لین دین میں 8 فیصد اضافہ ہو گیا۔ رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران اے ٹی ایم کا نیٹ ورک بڑھتا اور پھیلتا رہا اور اے ٹی ایم کی تعداد 10,736 سے بڑھ کر 11,100 ہو گئی۔

نیز، نیٹ ورک میں 2,429 پی او ایس مشینیں شامل ہوئیں جو گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 5 فیصد نمو ہے۔ بینکوں کی جانب سے جاری کردہ کارڈز کی تعداد 3 فیصد بڑھ گئی اور زیر جائزہ سہ ماہی کے اختتام پر مجموعی طور پر 33.7 ملین ہو گئی۔ مالی سال 2016ء کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر انٹرنیٹ، موبائل اور کال سینٹر بینکاری کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 4 فیصد اضافے سے 22.9 ملین تک جا پہنچی۔