پاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن نے حکومتی بجٹ کو مثبت اور عوام دوست قرار دے دیا

ہفتہ 4 جون 2016 13:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جون۔2016ء) پاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین منور اقبال نے حکومت کے اعلان شدہ بجٹ 2016-2015 کو مثبت اور عوام دوست قرارد یا ہے۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے بجٹ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کی جانب سے آئی ٹی کی صنعت کی فروغ کے لئے اور اسے تباہی سے بچانے کے لئے ایک انقلابی قدم ہے۔

جس سے آئی ٹی کی صنعت اور اس سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کو بے حد فائدہ ہو گا۔ بالخصوص آئی ٹی کی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا اور آئی ٹی مصنوعات کے علاوہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ پر عائد سیلز ٹیکس کے خاتمے سے آئی ٹی کے تاجروں کو کاروبار میں فائدہ ہو گا، آئی ٹی مارکیٹ میں بہتری آئے گی، دستاویزی معیشت کو فروغ حاصل ہو گا، ٹیکس نیٹ میں نئے ممبران کا اضافہ ہو گا، شیڈول بینکوں کے ذریعے آئی ٹی کاروبار میں تیزی آئے گی، مارکیٹ میں موجود کھیپ یا مافیا اور سمگلنگ کا خاتمہ ہو سکے گا جس سے آئی ٹی کی صنعت پہلے سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے گی۔

(جاری ہے)

اورحکومت کو ٹیکس کی مد میں زیادہ سے زیادہ آمدن مل سکے گی۔ اس کے علاوہ سیلز ٹیکس کے خاتمے سے عام آدمی کے علاوہ طلبہ اور معذور افراد آئی ٹی پروڈکٹس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اعظم کے مشیر برائے محاصل ہارون اختر خان کو مبارکباد دی کہ ان کی توجہ سے آئی ٹی صنعت کا دیرینہ مطالبہ منظور کر دیا گیا۔ آخر میں انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :