یورپ میں سیلاب نے تباہی مچا دی ،15افرادہلاک،لاکھوں بے گھر

ہفتہ 4 جون 2016 11:40

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جون۔2016ء) یورپ میں سیلاب نے تباہی مچادی فرانس سے لیکر یوکرین تک سیلاب کے نتیجے میں پندرہ افرادہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہوئے ،ادھر فرانس کے شہر پیرس میں بہنے والے دریائے سین میں 30 سال کا سب سے اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس کی وجہ سے زیرِ زمین ریلوے نظام اور عجائب گھر بند کر دیے گئے ۔سین میں سیلاب ساڑھے چھ میٹر کی حد تک پہنچ سکتا ہے جس میں اختتام ہفتہ کمی آنے کی توقع نہیں ہے کیوں کہ اس دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پیرس کے مشہورِ زمانہ لوور میوزیم کو بند کر دیا گیا ہے اور عملے نے فن پاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ لیونارڈو ڈاونچی کی شہرہ آفاق پینٹنگ مونا لیزا اسی میوزیم میں ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق وسطی یورپ میں شدید بارشوں کے باعث کم از کم 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور فرانس سے لے کر یوکرین تک میں سیلاب آئے ہیں۔

فرانس میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ جنوبی جرمنی میں بارشوں نے دس لوگوں کی جان لی ہے، اور کئی قصبے تباہ ہو گئے ہیں۔دسیوں ہزار لوگوں کو گھربار چھوڑ کر پناہ گاہوں کا رخ کرنا پڑا ہے۔لوور میوزیم میں عملے نے سیلاب کے پیشِ نظر ڈھائی لاکھ سے زائد فن پاروں کو تہہ خانوں سے نکال کر اونچے مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے سیلاب کو ’غیرمعمولی‘ قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :