زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے تاریخ ساز خصوصی پیکیج دیا گیا ہے‘شہباز شریف

وزیراعلیٰ شہباز شریف کی متوازن ، کسان اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم اور وفاقی وزیر خزانہ کو مبارکباد زرعی ٹیوب ویلوں پربجلی کے نرخوں میں کمی ،یوریااور ڈی اے پی کھادوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ حقیقی معنوں میں کاشتکار کو پہنچے گا‘وزیر اعلی پنجاب

جمعہ 3 جون 2016 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بہترین ، متوازن ، کسان اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم محمدنوازشریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مبارکباددی ہے - وزیر اعلی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے بہترین،عوام دوست اورمتوازن بجٹ پیش کیا ہے -زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے تاریخ ساز خصوصی پیکج دیا گیا ہے - یوریااور ڈی اے پی کھادوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ حقیقی معنوں میں کاشتکار کو پہنچے گا- انہوں نے کہا کہ زرعی قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے اعلان سے زرعی معیشت ترقی کرے گی اور کسان خوشحال ہو گا - وزیر اعلی نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں پربجلی کے نرخوں میں کمی کا فائدہ بھی کاشتکار کو ہو گا-زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے عملی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا -وفاقی حکومت کے عوام دوست اور غریب پرور بجٹ سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی-آئندہ مالی سال کا بجٹ ملک کی تیز رفتار معاشی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا- انہوں نے کہا کہ مالی سال2016-17ء کا بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہے-حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ترقیاتی ایجنڈے پر سرگرمی سے عمل پیرا ہے-

متعلقہ عنوان :