رمضان کے چاند کے مسئلہ پر قوم میں انتشار پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

پشاور کا مفتی ہر سال ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتا ہے،صدر مملکت کو حکومت کے بجائے عوام کی ترجمانی کرنی چاہیے تھی‘صاحبزادہ حامدر ضا

جمعہ 3 جون 2016 20:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ رمضان کے چاند کے مسئلہ پر قوم میں انتشار پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے،پشاور کا مفتی ہر سال ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتا ہے،صدر مملکت کو حکومت کے بجائے عوام کی ترجمانی کرنی چاہیئے تھی،چینلز پر مخلوط رمضان نشریات کو روکا جائے،چینلز رمضان نشریات کے نام پر اسلامی تعلیمات کو مذاق نہ بنائیں، تاجر رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتیں بڑھا کر اﷲ کے عذاب کو دعوت دیتے ہیں، حکومت ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو پکڑے،چاند کے مسئلہ پر سٹیٹ کا ڈسپلن قائم ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ نہ ماننے والے فسادی ہیں، چاند کے مسئلہ پر انتشار پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے رمضان المبارک کے پروگراموں کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ رمضان المبارک کے دینی پروگراموں کی اداکاروں سے میزبانی کروان شریعت کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ مری میں لڑکی کو زندہ جلایا جانا قابل مذمت ہے۔اسلام عورتوں پر تشدد کی اجازت نہیں دیتا۔