عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے ‘شہباز شریف

وزیر اعلی کی لندن سے تین گھنٹے طویل ویڈیو کانفرنس ، تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی اور سماجی شعبوں کے پروگرامز کا جائزہ لیا گیا صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کیلئے جس قدر بھی وسائل درکار ہوں گے، مہیا کریں گے‘ وزیر اعلی پنجاب کا ویڈیوکانفرنس سے خطاب

جمعہ 3 جون 2016 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لندن سے تین گھنٹے تک ویڈیو کانفرنس کی جس میں آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کے منصوبے اوردیگر سماجی شعبوں کے پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے- تعلیم اور صحت کے شعبوں کے ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے لئے بھی اربوں روپے کے وسائل مہیا کریں گے - سماجی شعبو ں کو اضافی فنڈز فراہم کر کے عوام کو حقیقی معنوں میں سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی- انہوں نے کہا کہ صوبے کی تیزرفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں- عام آدمی کو علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل معیاری تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے-اس لئے تعلیمی شعبے کی بہتری اورفنی تعلیم کے فروغ کیلئے بھی جامع لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا -پنجاب حکومت نے معیاری تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے -طلباء و طالبات کی سہولت کے لئے سکولوں میں نئے کلاس رومز بنائے جائیں گے جبکہ عدم دستیاب سہولتوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا-صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کیلئے جس قدر بھی وسائل درکار ہوں گے، مہیا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانا اور معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے صنعت و حرفت کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے کو بھی مضبوط بنانا ہے-کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے آئندہ بجٹ میں انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے فلاحی پروگراموں پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار اور صوبے کی پائیدار ترقی کا ضامن ہو گا- انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی صحت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے - شعبہ صحت کی بہتری کے پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتالوں میں صحت کی معیاری سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا- انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا تعلق براہ راست عوام کی صحت سے جڑا ہے اس لئے اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایاجائے گا اور آئندہ دو سال میں صوبے کے دیہات میں پینے کی صاف پانی کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے گی- انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف شہری علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے بلکہ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادو ں پر مکمل کئے جار ہے ہیں - شہری و دیہی علاقوں کی متوازن ترقی ہماری پالیسی کا اہم جزو ہے جس کے تحت آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے اضافی فنڈز رکھے جائیں گے - صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ ، عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزاور اعلی حکام نے سول سیکرٹریٹ لاہور جبکہ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران، ایم پی اے منشاء اﷲ بٹ، سمیع اﷲ خان ، سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب اور متعلقہ حکام نے ایوان وزیر اعلی سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :