عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کا تاریخ ساز رمضان پیکیج دیا ہے‘محمد شہبازشریف

رمضان بازاروں میں10 کلو آٹے کا تھیلا 290 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 310 روپے میں ملے گا رمضان پیکیج کی پائی پائی عوام کو سستی اشیائے خورد و نوش کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی، اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، میں ذاتی طور پر رمضان پیکیج پر عملدرآمد کا خود جائزہ لوں گا،وزیراعلیٰ کی صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کو لندن سے ہدایات

جمعہ 3 جون 2016 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے اور اس پیکیج پر عملدرآمد کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں،عوام کو معیاری اشیائے صرف مناسب نرخوں پر فراہمی کیلئے منتخب نمائندے اور انتظامیہ اپنا موثر کردار ادا کرے گی، صوبے بھر میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں اشیائے صرف کے معیار اور قیمتوں کو مقررہ نرخوں پر برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہوں گی۔

لندن سے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اراکین کو ہدایت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری ہے اور اسی مقصدکے پیش نظر جامع رمضان پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کیلئے 5 ارب روپے کی سبسڈی دی جار ہی ہے ۔رمضان بازاروں میں10 کلو آٹے کا تھیلا 290 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 310 جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 620 روپے میں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ معیاری اشیائے صرف کی سستے داموں فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں 300 سے زائد رمضان بازار اور 2 ہزار مدنی دسترخوان لگائے جا رہے ہیں جبکہ 25ماڈل بازار بھی رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی، گھی، مرغی کا گوشت، پھل، سبزیاں اور انڈے مارکیٹ سے کم نرخوں میں دستیاب ہوں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔

صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں جبکہ مقررہ نرخوں سے زائد پر اشیائے صرف فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس ضمن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں تمام ڈی سی اوز حضرات سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں گے جبکہ صوبائی وزراء اور سیکرٹری صاحبان بھی اشیائے ضروریہ کی کوالٹی، دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے بھی اپنے اپنے اضلاع میں رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں عوام کیلئے سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود رمضان پیکیج پر عملدرآمد کا جائزہ لوں گا۔ رمضا ن پیکیج کی پائی پائی عوام کو سستی اشیاء خورد و نوش کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔ اشیائے خورد و نوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :