ملک میں پائیدارامن کے قیام کیلئے سب کو اپنااپناکرداراداکرناہوگا،اقبال ظفرجھگڑا

ملک کی امن واستحکام ،دہشت گردی کے لاف جنگ میں قبائلی عوام ،افواج پاکستان کی قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیاجائیگا قبائل کے مستقبل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ قبائلیوں کی مشاورت سے کیاجائیگا،گورنرخیبرپختونخوا کی قبائلی وفد سے گفتگو

جمعہ 3 جون 2016 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ ملک کی امن واستحکام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام اورافواج پاکستان کی قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا۔ پائیدارامن کے قیام کیلئے سب کو اپنااپناکرداراداکرناہوگا۔ قبائل کے مستقبل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ قبائلیوں کی مشاورت سے کیاجائیگا۔

پوری قوم محب وطن قبائل کی قرباینوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وہ جمعرات کے روزگورنرہاوس پشاور میں ایف آرلکی سے تعلق رکھنے والے بٹانی قبائل کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگوکررہے تھے۔وفدکی قیادت رکن قومی اسمبلی جنوبی وزیرستان ایجنسی ،غالب خان ایڈووکیٹ کررہے تھے جبکہ ملک سمیع اﷲ سمیت ایف آرلکی سے آئے ہوئے دیگرملکان اورمشران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرانجینئر اقبال ظفر جھگڑانے کہاہے محب وطن قبائلی عوام اورہماری سیکورٹی فورسزکی قربانیوں سے نہ صرف قبائلی علاقہ جات بلکہ پورے ملک میں امن لوٹ آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام نے ملکی امن واستحکام کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں پوری قوم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوراب وقت آگیا ہے کہ ان کی فلاح وبہبود کیلئے موثراقدامات اٹھائے جائیں۔

اس ضمن میں حکومت فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور متاثرین کی باعزت واپسی و بحالی اور تعمیر نوسمیت دیرپابنیادوں پر امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقہ جات میں امن و امان کا قیام اوروہاں سے بدامنی کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور قبائلی بہن بھائیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے گھروں کو باعزت طور پر بھجوانے اور انکی بحالی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے پورے خطے کے امن وامان کی خاطر قربانیاں دی ہیں اوراب وقت آگیاہے کہ انکے دکھوں کا مداوہ کیا جائے اور اس ضمن میں جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کے معیار زندگی کو بہتربنانے اور انتظامیہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق جامع اصلاحات عمل میں لائی جارہی ہیں۔ اور قبائل کے مستقبل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ قبائلی عوام کی مشاورت اور رائے سے کیا جائے گا۔گورنرنے وفد کی معروضات غورسے سنیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :