گورنمنٹ کی سکیموں کی تکمیل میں جتنا تعطل آئے گا اس کا اضافی بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑے گا‘تنویر اسلم اعوان

اجلاس میں منظور شدہ سکیموں کے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے‘صوبائی وزیر

جمعہ 3 جون 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء ) پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کا 30 واں اجلاس چیئرمین فاٹا صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ مواصلات وتعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان کی زیرصدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈٹاؤن پلاننگ کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی جی فاٹا سمیت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ فنانس،لوکل گورنمنٹ کے محکمہ جات کے افسران کے علاوہ فاٹا گورننگ باڈی کے ممبران منظور احمد سہیل انور،محمد اسلم مغل،حبیب احمد،ساجد سعید اور زبیر احمد خواجہ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ملتان،جوہر آباد،گوجرانوالہ،سرگودھا،لیہ،قصور،میانوالی،منڈی بہاؤالدین اور دریا خان کی مختلف سالانہ ترقیاتی سکیموں کی لینڈ ایکوزیشن اور الاٹمنٹ کے مختلف کیسز زیر غور آئے۔

(جاری ہے)

جن میں سے اکثریت کو معمولی تخفیف کے بعد بورڈ کے ممبران کی مشاورت سے منظور کر لیا گیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گورنمنٹ کی سکیموں کی تکمیل میں جتنا تعطل آئے گا اس کا اضافی بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو اس اضافی بوجھ سے بچانے کے لئے سکیموں کی تکمیل کو بروقت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کی رہائشی سکیموں کی کامیابی بجلی،گیس اور پانی جیسی سہولیات سے مشروط ہے اور ان کو یقینی بنانے کے لئے ان اداروں کے ساتھ مربوط رابطہ استوار رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں منظور شدہ سکیموں کے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :