لاہور ،لین دین کے تنازع پر فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ،،ڈکیتی کے دوران گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک

بادامی باغ میں لین دین کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 7افراد زخمی ، ہسپتال منتقل ،فائرنگ میں ملوث 5افراد گرفتار ٹاؤن شپ میں انعام کارپوریشن پر ڈکیتی کی واردات کے دوران گارڈ کی فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ، 3ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب

جمعہ 3 جون 2016 17:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) لاہور میں بادامی باغ کے علاقے میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اور 7زخمی ہو گئے ،ٹاؤن شپ میں ڈکیتی کے دوران گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 3فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بادامی باغ کے علاقہ سبزی منڈی میں لین دین کے تنا زعے پر دو گروپوں میں تصادم ہو گیا جس پر فائرنگ کے دوران 9افراد زخمی ہو گئے جنہیں میو ہسپتال پہنچایا گیا تاہم دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جن میں آصف اور مقصود شامل ہیں جبکہ باقی زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔

پولیس نے فائرنگ میں ملوث 5افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔دوسری جانب ٹاؤن شپ کے علاقہ میں محمد علی چوک پرواقع انعام کارپوریشن پر ڈکیتی کی واردات کے دوران گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیاجبکہ 3فرار ہو گئے جبکہ فائرنگ سے ایک شہری زخمی بھی ہو گیا ۔تھانہ ٹاؤن شپ کی پولیس نے ڈاکو نعش قبضے میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔