چوتھی عالمی بزنس کانفرنس کا نیٹ ورکنگ اجلاس ، پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار اور اس کے لئے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی تعریف،

جمعہ 3 جون 2016 16:59

نیویارک ۔ 3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) امریکا میں ہونے والی چوتھی عالمی بزنس کانفرنس کے اجلاس میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار اور اس کے لئے پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہاگیا ہے ۔ کانفرنس میں کہاگیاہے کہ مستقبل میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی و کاروباری تعلقات نئی جہتوں کو پارکریں گے۔ نیویارک میں منعقدہ چوتھی یو ایس بزنس اپریچونٹیز کانفرنس نیٹ ورکنگ اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کی حکومت کی طرف سے اقتصادی استحکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاگیاکہ حکومتی ا صلاحات نے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف متوجہ کیا ہے۔

کانفرنس میں امریکا اور پاکستان کے 300سے زائد صنعتی نمائندے ، سرمایہ کار اور سرکار ی اہلکار شرکت کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں پاکستان کاوفد وزیر کامرس خرم دستگیر خان کی سربراہی میں موجود ہے۔ ورکنگ کانفرنس سے یوایس پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین محمود خان ، آئی جی ایکس گلوبل کے بوب ڈیچنٹ ، سفیر جلیل عباس جیلانی اور چیئرمین ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ بینک آف دی یونائیٹڈ سٹیٹس فریڈ ہوچربرگ نے خطاب کیا۔

امریکی وفد کی نمائندگی نائب وزیر کامرس بروس اینڈ ریوز کررہے ہیں جبکہ خصوصی امریکی نمائندے برائے افغانستان اور پاکستان رچرڈ اولسن بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا میں متعین پاکستانی سفیر نے کہاکہ پاکستان بڑی تیزی سے سرمایہ کاری کے لئے شاندار میگاکنٹری کے طورپر ابھر رہاہے۔ پاکستان میں مربوط ترقی کے استحکام نے مڈک کلاس درجے کی قوت خرید کو بڑھایا ہے اور جلد ہی پاکستان ابھرتے ہوئے ممالک میں سر فہرست ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی معاشی قوت کاغماز پاک چائینہ اکنامک کوریڈور کامعاہدہ بھی ہے جس پر 46ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ انہوں نے گولڈ مین ساشے کاحوالہ دیا جنہوں نے اپنے ایک سروے رپورٹ میں کہاکہ پاکستان اقتصادی مقام کے طورپر 20ٹاپ ممالک میں شامل ہو گا۔ یو ایس بزنس اپریچیونٹیز کانفرنس کے پہلے تین سالانہ اجلاس لندن ،دوبئی اور اسلام آباد میں ہوچکے ہیں،کانفرنس جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :