ہائر ایجوکیشن کمیشن کی معائنہ ٹیم کا این او سی جاری کرنے کیلئے ایبٹ آباد یونیورسٹی کا دورہ

جمعہ 3 جون 2016 16:50

ایبٹ آباد۔ 3 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن کی معائنہ ٹیم نے این او سی جاری کرنے کیلئے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔ رجسٹرار ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ایوب جدون نے ٹیم کو یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ رجسٹرار ایبٹ آباد یونیورسٹی ڈاکٹر ایوب جدون نے معائنہ ٹیم کو کہا کہ یکم جون 2015ء کو یہ کیمپس جو ہزارہ یونیورسٹی کا حصہ تھا، ایک علیحدہ یونیورسٹی بن گیا ہے، طلباء و طالبات کو بہترین تدریسی سہولیات کے ساتھ ساتھ اپنے شعبہ میں مہارت رکھنے والے اساتذہ کیلئے بھی ریکرومنٹ اور سلیکشن مراحل کو ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ کی ہدایات کی روشنی میں مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اپنے وسائل سے تعمیراتی کام کروائے گئے ہیں جن میں کلاس رومز کی تعمیر، پری فیبریکیٹڈ کلاس رومز، یونیورسٹی کی چار دیواری و دیگر تعمیراتی کام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ایوب جدون نے معائنہ ٹیم کو بتایا کہ یونیورسٹی نے اپنے قیام کے مختصر عرصہ میں اپنے وسائل میں رہتے ہوئے طلباء و طالبات کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق لیبارٹریز اور لیبز جن میں جدید کمپوٹرز اور ایکوپمنٹ مہیا کئے، بعد ازاں ایچ ای سی کی معائنہ ٹیم نے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کیا اور یونیورسٹی میں جاری تعمیر و ترقی کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

معائنہ ٹیم کے ممبران نے مختلف ڈیپارٹمنٹ کے دورہ کے دوران فیکلٹی اور طلباء و طالبات سے مختلف سوالات بھی کئے، اس دوران معائنہ ٹیم کے اراکین نے طلباء و طالبات اور اساتذہ کی طرف سے دیئے گئے جوابات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور مختصر عرصہ میں بڑی کامیابیوں پر یونیورسٹی انتظامیہ بالخصوص پراجیکٹ ڈائریکٹر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی عبدالغفور بیگ، رجسٹرار ایوب جدون اور ان کی ٹیم کی کاشوں کی تعریف کی۔

اس موقع پر رجسٹرار ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ایوب جدون نے معائنہ ٹیم کے اراکین کو ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہائر ایجوکیشن کیمشن اسلام آباد کی طرف سے معائنہ ٹیم میں طاہر عباس زیدی ڈی جی ایکری ڈیشن ایچ ای سی، مس آمنہ قیوم اے ڈی ایکری ڈیشن، پروفیسر ڈاکٹر الله بخش مالک صاحب ممبر ایچ سی سی معائنہ کمیٹی، ڈاکٹر سمعیہ احمد ممبر ایچ ای سی معائنہ کمیٹی اور ڈاکٹر ایم سلیم خان ممبر معائنہ کمیٹی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :