حکومت مسئلہ کشمیر،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے بھرپورکردار ادا کررہی ہے

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر رکن یورپین پارلیمنٹ امجد بشیرکی قیادت میں وفد سے گفتگو

جمعہ 3 جون 2016 16:39

اسلام آباد ۔ 3 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت مسئلہ کشمیراور مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالی کو بین الاقوامی سطح پر بھر پورطریقے اُجاگر کرنے کے لیے بھرپور کو ششیں اور اپناکردار ادا کررہی ہے ۔انہوں نے یہ بات انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں رکن یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر، ممبر برٹش پارلیمنٹ یاسمین قریشی، چیئرمین جموں وکشمیر سیلف ڈیٹرمینشن موومنٹ راجہ نجابت حسین اور برطانوی کونسلر محمد رفیق پر مشتمل نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں کی تعداد میں بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہو چکی ہیں لیکن بین الاقوامی برادری اس ضمن میں بھارت کے خلاف کوئی خاطر خواہ کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بطور رکن یورپین اور برٹش پارلیمنٹ آپ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ کشمیر یوں کے حق خودارادیت اور بھارتی حکومت کی جانب سے بدترین انسانی حقو ق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کریں اور بین الاقوامی سطح پر بھارت کا بد نما چہرہ بے نقاب کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔انہوں نے وفد سے کہا کہ ایک بڑے اور اہم پارلیمان کا حصہ ہونے کی وجہ سے آپ کی آواز دنیا میں سنی جاتی ہے اور ایک اہمیت رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت مسئلہ کشمیر اورکشمیریوں بھائیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبے کے لیے بھر پور کام کررہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمدنواز شریف کی حکومت نے آزاد کشمیر کو اسلام آباد مظفر آباد ریلوے لائن اور موٹروے کا منصوبہ دیا ہے جس سے اس علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت نے آزادکشمیر میں میڈیکل کالجز کی تعمیر کے لیے بھی آزادحکومت کو وافر فنڈز مہیا کیے ہیں ۔ اس کے علاوہ وفاقی حکومت آزادکشمیر میں تقریباً 250 سکولوں کی تعمیر کا ارادہ رکھتی ہے جس پر کام جلد شروع ہو جائے گا ۔ وفاقی وزیر نے وفد سے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں اُن کی معاونت بڑی اہم ثابت ہو گی۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں حکومت پنجاب گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے اور پیش آمدہ ریاستی انتخابات میں کامیابی کے بعد آزادکشمیر میں تعلیم کے مزید فروغ کے لیے پنجاب کی طرز پر اقدامات کیے جائیں گے ۔ا س موقع پر وفاقی وزیر نے اپنی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے پاک چین اقتصادی راہداری جیسے میگا پروجیکٹس کی افادیت کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری آزادکشمیر سمیت پورے پاکستان کے لیے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ منصوبہ محمد نواز شریف کے اُس وژن کی تکمیل ہے جس کا آغاز انہوں نے 90 دہائی میں موٹروے کی تعمیر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا تھا۔

ملاقا ت میں وفد نے اپنی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل اور وہاں انسانی حقوق کی پامالی کے سدباب کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ باہمی موثر رابطوں اور آگاہی سے اس ضمن میں بڑی پیش رفت کی جاسکتی ہے جس کے لیے وہ اپنا تمام تر تعاون پیش کریں گے اور اس کے علاوہ آزادکشمیر میں تعلیم کے فروغ کے لیے بھی اپنا بھر پور تعاون پیش کریں گے۔