کیوی حکومت کا تمباکومصنوعات کی سادہ پیکنگ متعارف کرانے کا اعلان

جمعہ 3 جون 2016 15:09

ولینگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء)نیوزی لینڈ کی حکومت نے تمباکو کی صنعت کی جانب سے قانونی کاروائی کیے جانے کے خدشے کے باوجود تمباکو مصنوعات کی سادہ پیکنگ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ دیگر چند ممالک پہلے ہی یہ اقدام اٹھا چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے نائب وزیر صحت سام لوٹو لیگا نے کہاکہ ملک میں ہر روز 12 افراد سگریٹ نوشی کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں یہ اقدام تمباکو نوشی کے عالمی دن کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے جس کے تحت سگریٹ کو پھیکے رنگوں کی پیکنگ میں خرابی صحت کے انتباہ اور تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی لرزہ خیز تصاویر کے ساتھ فروخت کیا جائے گا۔

تمباکو مصنوعات کی تشہیر کی حوصلہ شکنی کے سلسلے میں مزید سرعت پیدا کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت نے رواں برس کے انسدادِ تمباکو نوشی کے عالمی دن کے لیے مرکزی موضوع' سادہ پیکنگ کے لیے تیار ہو جایئں ' تجویز کیا ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کے نائب وزیر صحت سام لوٹو لیگا کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ان توانا ذرائع میں سے ایک یعنی دلکش پیکنگ کو ہدف بنایا گیا ہے جس کے ذریعے نوجوان افراد تمباکو نوشی کے جال میں پھنستے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے نائب وزیر صحت نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ میں ہر روز 12 افراد سگریٹ نوشی سے جڑی بیماریوں کی لپیٹ میں آ کر وقت سے پہلے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ ان میں سے ہر ایک کو بچایا جا سکتا ہے۔ لوٹا لیگا کے مطابق اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر نہیں کیا جا رہا بلکہ دو ماہ کی مشاورت کے بعد عمل درآمد کی سفارشات حکومت کے پاس رواں برس کے آخر میں بھیجی جائیں گی۔

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے اس حقیقت کا اعتراف کیا ہے کہ سادہ پیکنگ کی جانب قدم بڑھانے والے ممالک نے ٹوبیکو ٹائیکونز کی جانب سے قانونی کارروائی کیے جانے کے خطرے کو نظر انداز کرنے میں ان کی حکومت کا حوصلہ بلند کیا ہے۔وزیر اعظم جان کی نے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو کی صنعت کے بیوپاری حکومت کے خلاف مقدمہ کر سکتے ہیں لیکن ہم نے وقت سے یہ سیکھا ہے کہ اب ان کی کامیابی کے امکانات ماضی کے مقابلے میں کم ہو چکے ہیں۔