پاکستان کی 70ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ

جمعہ 3 جون 2016 14:17

پاکستان کی 70ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) لندن میں پاکستان کے سفارت خانے نے آئندہ برس 2017 میں پاکستان کی 70ویں سالگرہ کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس موقع پر برطانیہ کے مختلف شہروں میں رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔لندن میں پاکستان کے سفارت خانے میں پاکستان ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے مقامی صحافیوں کے اعزاز میں ایک عشائیے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا کہ پاکستان کی 70ویں سالگرہ کو قومی جوش و خروش سے منانے کے لیے وہ تفصیلی پروگرام ترتیب دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس موقع پر پاکستانی قوم کی ثقافت، موسیقی ادب اور دیگر شعبوں میں کامیابیوں کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا اور اسی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں پاکستانی برادری کی خدمات اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس وقت برطانوی پارلیمان سے لے کر مقامی کونسلوں تک سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی نڑاد برطانوی شہری فرائضِ نمائندگی نبھا رہے ہیں۔

انھوں نے اس سلسلے میں لندن کے میئر صادق خان کا ذکر کیا جو حال ہی میں ایک بڑے کڑے انتخابی معرکے کے بعد کامیابی حاصل کر پائے ہیں۔سید ابن عباس نے پاکستانی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر ترتیب دی جانے والی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے کا خیال ہے کہ اس سلسلے میں برطانیہ میں کاروبار کرنے والے پاکستانی نڑاد برطانوی شہریوں کو بھرپور طریقے سے اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے اور انھیں اپنے کاروبار کی تشہیر کرنے کیلئے سپانسرشپ کی پیشکش کی جائے۔

سید ابن عباس نے کہا کہ پاکستان کی سالگرہ منانے کا یہ مقصد یہ بھی ہے کہ پاکستان کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر پائے جانے والے منفی تاثر اور پاکستان مخالف قوتوں کی طرف سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کو زائل کیا جائے اور پاکستان کے روشن چہرے کو اجاگر کرایا جائے۔اپنی تقریر میں برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں انھوں نے کہا کہ اس وقت یہ کافی مستحکم ہیں اور انھیں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں چین کی طرف سے اقتصادی راہداری میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے پس منظر میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ برطانیہ اور چین کے درمیان 60 ارب ڈالر کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے ہیں اور اس مناسبت سے برطانیہ بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے میں بلاواسطہ شراکت دار بن گیا ہے۔پاکستانی ہائی کمشنر نے اپنے تقریر میں سفارت خانے کی طرف سے پاکستانی برادری کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا بھی تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت کی تعمیر نو کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے اور اس کا بنیادی مقصد کونسلر سروس کو بہتر بنانا اور پاکستان برادری کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :