وزیراعظم کی جانب سے اپنے اختیارات وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے سپرد کرنے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

جمعرات 2 جون 2016 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اپنے اختیارات وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے سپرد کرنے کے خلاف درخواست نا قابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی ۔جمعرات کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے نے کیس کی سماعت شروع کی تو در خواست گزار اشفاق چوہدری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت وزیر اعظم اپنے اختیارات کسی دوسرے وزیر کو تفویض نہیں کرسکتے ۔

(جاری ہے)

اس لیے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیراعظم کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے ۔دوخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ وزیراعظم نوازشریف کی عدم موجودگی سے ملک میں آئینی بحران پیدا ہوچکاہے اس لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایت کی جائے کہ وہ فوری طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں اور نیا قائد ایوان چنا جائے۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے اسے مسترد کرنے کی استدعا کی ۔جس پر فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر درخواست نا قابل سماعت قرار یدتے ہوئے مسترد کردی۔