ملک میں قائم مقام وزیراعظم کی کوئی گنجائش نہیں

چوہدری نثار، اسحاق ڈار یا مجھ سمیت کسی کی وزیراعظم بننے کی خواہش نہیں ہے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پنجاب پریس گیلری کے وفد سے گفتگو

جمعرات 2 جون 2016 21:46

اسلام آباد ۔ 2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جون۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک میں قائم مقام وزیراعظم کی کوئی گنجائش نہیں، نہ کسی کو وزیراعظم نواز شریف کا متبادل لانے کی کوئی تجویز زیرغور ہے، چوہدری نثار، اسحاق ڈار یا مجھ سمیت کسی کی وزیراعظم بننے کی خواہش نہیں ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پنجاب پریس گیلری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آئین میں ڈپٹی وزیراعظم بننے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

پرویز الٰہی کو ماضی میں ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر بھی وزیراعظم کے متبادل لانے کی سوچ نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کی اجازت کسی ملک کو نہیں دی جا سکتی اگر ہم امریکہ پر ڈرون حملہ کریں تو ان کا ردعمل کیا ہو گا، ہمیں اس معاملے کو پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ سفارتی پلیٹ فارم پر بھی اٹھانا ہو گا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مختصراً کہا کہ شیخ رشید روتے ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور وکٹ گرتی ہوئی نہیں دیکھ رہا، زمانہ طالب علمی میں ایک دوست سیاستدان کو کھیلتے ہوئے ہاکی مار دی تھی ، میری ہاکی ان کے گال پر لگی تھی جبکہ اس کا اثر کہیں اور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ڈرون حملوں کے حوالے سے بات ہوئی ہے، ہم نے انہیں قومی اسمبلی کی خارجہ اور دفاع کی قائمہ کمیٹیوں کا اجلاس بلانے کا کہا ہے اور یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ڈرون حملوں کے حوالے سے جمع کرائی گئی تحریک التواء کو قائمہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں دیکھا جائے، ڈرون حملوں کا کوئی جواز نہیں ہے، جب ملا اختر منصور 400کلومیٹر ایرانی سرحد کے اندر تھا اس وقت ڈرون حملہ کیوں نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی میں ارکان کی مسئلہ حل کرنے کی نیت ہے اگر اسے انا کا مسئلہ بنا دیا گیا تو پھر ”مسئلہ“ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آف شورز کمپنیوں سمیت تمام امور پر قانون سازی ہونی چاہیے۔