حکومت کا راولپنڈی ڈویژن میں شدید طوفان اور بارش میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے ،5،5 لاکھ، شدید زخمیوں کو 75 ہزار اور معمولی زخمیوں کو 25 ہزار روپے دینے کا اعلان

تمام ہسپتالوں میں تمام زخمیوں کا فوری اور مفت علاج کیا جائے ، اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی وفاقی وزیر پارلیمانی اموراور خصوصی کمیٹی کے سربراہ شیخ آفتاب کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 2 جون 2016 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور و انچارج وزیر برائے وزیر اعظم شکایات ونگ شیخ آفتاب احمد نے راولپنڈی ڈویژن میں شدید طوفان اور بارش میں ہلاک ہونے والوں کو پانچ لاکھ، شدید زخمیوں کو 75 ہزار اور معمولی زخمیوں کو 25 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔وہ جمعرات کوراولپنڈی ڈویژن میں شدید طوفان اور بارش کی وجہ سے نقصانات کے ازالہ کے لئے قائم کردہ کمیٹی کی صدارت کر رہے تھے ۔

بدھ کی رات راولپنڈی ڈویژن میں شدید طوفان اور بارش کی وجہ سے کافی جانی اور مالی نقصان ہوا جس کا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فوراً نوٹس لیتے ہوئے نقصانات کے ازالہ کے لئے ایک خصوصی کمیٹی بنائی ۔ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کو اس کا چیئرمین نامزد کیا ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا پہلا اجلاس گزشتہ روز یہاں وفاقی وزیر کی زیر صدارت ہوا ۔ وفاقی وزیر نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام ہسپتالوں کے اعلیٰ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ تمام زخمیوں کا فوری اور مفت علاج کیا جائے ۔

اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اجلاس میں ملک ابرار ایم این اے ، راجہ حنیف ایم پی اے ، شکیل اعوان ، سابقہ ایم این اے جہانگیر خانزادہ ، ایم پی اے اٹک مہر فیاض احمد ، ایم پی اے جہلم سردار نسیم صدر پاکستان مسلم لیگ ن سٹی راولپنڈی کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور راولپنڈی، جہلم ، اٹک اور چکوال کے ڈی سی اوز نے شرکت کی