Live Updates

سی ڈی اے نے رمضان المبارک میں اسلام آباد کے شہریوں کیلئے سستے بازار لگانے کا فیصلہ

سی ڈی اے کے ہفتہ وار بازار معمول کے مطابق اتوار، منگل اور جمعہ کو حسبِ سابق لگائے جائیں گے ٗ حکام

جمعرات 2 جون 2016 21:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) سی ڈی اے نے رمضان المبارک میں اسلام آباد کے شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سیکٹر G-10 ، آئی9- ،جی6- اورH-9 میں سستے بازار لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد، ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن اور سی ڈی اے کے ہفتہ وار بازاروں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سی ڈی اے کے زیرِ اہتمام لگنے والے ہفتہ وار بازاروں ہی میں سستے بازار لگائے جائیں تاکہ ماہِ رمضان المبارک میں دارالحکومت کے شہریوں کو پورا مہینہ تازہ اور ارزاں نرخوں پر کھانے پینے کی اشیاء ،تازہ پھل اور سبزیاں مہیا کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد نے کہا کہ سی ڈی اے کے ہفتہ وار بازار معمول کے مطابق اتوار، منگل اور جمعہ کو حسبِ سابق لگائے جائیں گے تاہم جن دنوں میں یہ بازار نہیں ہوں گے انہی بازاروں میں ہی سستے بازار لگائے جائیں گے تاکہ رمضان کے پورے مہینے لوگوں کو اشیائے خوردونوش فراہم کی جا سکیں۔

ممبر ایڈمنسٹریشن نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کے ہفتہ وار بازاروں میں بھی کھانے پینے کی اشیاء بالخصوص تازہ سبزی، پھل اور گوشت وغیرہ سستے بازاروں کی طرح ارزاں نرخوں پر مہیا کئے جائیں ۔ انہوں نے ڈائریکٹر ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے لیے سٹال ہولڈرز سے بھی بات چیت کریں تاکہ وہ رمضان کے مبارک مہینے میں اپنے منافع میں کمی کر کے روزہ داروں کو سہولت مہیا کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بازار کا عملہ اشیاء کی فروخت کو مقررہ نرخوں پر فراہمی ممکن بنانے کے لیے موئثر مانیٹرنگ کریں اور ان اشیاء کی قیمتوں کی فہرست کو سستے بازاروں میں نمایاں جگہوں پر آویزاں کیا جائے۔ ممبر ایڈمنسٹریشن نے بازار میں سیکورٹی کے موئر انتظامات کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ممبر ایڈمنسٹریشن کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے کے ہفتہ وار بازاروں ہی میں پورے ماہ سستے بازار لگائے جائیں گے جس کے لیے سی ڈی اے نے ان بازاروں میں سٹال لگانے کے خواہش مند افراد سے درخواستیں طلب کی ہیں یہ درخواستیں 5 جون تک سی ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (بازار) کو ان کے دفتر واقع سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ سیکٹر G-6 میں دی جا سکتی ہیں۔

ممبر ایڈمنسٹریشن نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ماہ رمضان میں لگائے جانے والے ان سستے بازاروں میں کھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں دستیاب ہوں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات