آر می چیف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ٗملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ

چین اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں سے آگاہ ہیں ٗ پاک فوج عوامی توقعات پر پورا اترے گی ٗ آرمی چیف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے آخری مرحلے میں داخل ہورہا ہے ٗاقتصادی راہداری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں ٗ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا خطاب

جمعرات 2 جون 2016 20:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) پاک فو ج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ چین اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں سے آگاہ ہیں ٗ پاک فوج ہمیشہ پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اتریگی۔ جمعرات کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی ٗشرکاء کو ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ٗ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے عزم اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دہشت گردی پر قابو پایا ٗ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے آخری مرحلے میں داخل ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

ہم پاک چین اقتصادی راہداری کیخلاف سازشوں سے آگاہ ہیں، اقتصادی راہداری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔ آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیزکی واپسی کی رفتار پراظہار اطمینان کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دہشت گردی کا شکار رہی ہے‘ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں، الحمدﷲ پاک فوج نے پوری قوم کے عزم سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بہادر قبائل کی غیر متزلز ل حمایت لائق تحسین ہے‘انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فاٹا میں عارضی طور پرنقل مکانی کرنے والوں کی بروقت ‘با عزت واپسی اور بحالی یقینی بنائی جائے۔