حافظ آباد،سابق ایم پی اے لیلیٰ مقدس کے خاوند ،سسرنے تنخواہ مانگنے پر سابق ڈرائیور کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

جمعرات 2 جون 2016 20:53

حافظ آباد،سابق ایم پی اے لیلیٰ مقدس کے خاوند ،سسرنے تنخواہ مانگنے پر ..

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) حافظ آباد میں سابق ایم پی اے لیلیٰ مقدس کے خاوند اور سسرنے تنخواہ مانگنے پر اپنے سابقہ ڈرائیور کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔اور بعد ازاں ملزمان فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق محلہ تاجپورہ حافظ آباد کے غریب محنت کش محمد مسعود کا جواں سال بیٹا محمد عثمان سابق ایم پی اے لیلیٰ مقدس کے گھر ڈرائیور تھا۔

کچھ عرصہ قبل محمد عثمان نے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ملازمت چھوڑ دی ۔اور وہ ان سے اپنی بقایا تنخواہ کا مطالبہ کرنے لگا۔جس پر لیلیٰ مقدس کے سسر خضر حیات مانگٹ نے اس پر چوری کا جھوٹا مقدمہ درج کروا دیا۔جو بعد ازاں دوران تفتیش جھوٹ ثابت ہونے پر خارج کر دیا گیا۔اس پرلیلی مقدس کے خاوند ثاقب مانگٹ اور سسر خضر مانگٹ کو رنج تھا اور وہ اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے تھے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز مقتول محمد عثمان نے جب ان سے اپنی بقایا تنخواہ مانگی تو انہوں نے اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔بعد ازاں جب مقتول محمد عثمان اپنے گھر سے پارک روڈ پر جا رہا تھا ۔تو سابق ایم۔پی۔اے کے شوہر ثاقب مانگٹ، سسر خضر مانگٹ نے اپنے دیگر دو ساتھیوں سرفراز عباس اور حسن عباس کے ہمراہ مبینہ طور پراسے زبر دستی روک کر پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں اس پر فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتاردیا۔

جس کے بعد ملزمان فرارہوگئے۔ پولیس تھانہ سٹی نے مقتول محمد مسعود کی ددرخواست پر ملزمان کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا تاہم پولیس ملزمان کے بااثر ہونے کیوجہ سے ابھی تک کوئی ملزم بھی گرفتار نہ کرسکی ہے۔ جس پر لواحقین نے شدید احتجاج اور سینہ کوبی کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اور کہا کہ اگر ملزمان کو فوری گرفتار نہ کیا تو وہ وزیر اعلی ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہونگے۔

متعلقہ عنوان :