پنجاب میں گرمی کی شدت کے باعث نجی تعلیمی اکیڈمیوں کو بھی بند کروانے کا فیصلہ

کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو اکیڈمیوں کو بند کروا کے رپورٹ پیش کرے گی ‘ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد

جمعرات 2 جون 2016 20:51

پنجاب میں گرمی کی شدت کے باعث نجی تعلیمی اکیڈمیوں کو بھی بند کروانے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) محکمہ تعلیم پنجاب نے گرمی کی شدت کے باعث نجی تعلیمی اکیڈمیوں کو بھی بند کروانے کا فیصلہ کر لیا ، اس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو اکیڈمیوں کو بند کروا کے رپورٹ پیش کرے گی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ سکولوں میں سمر کیمپ لگانے پر پابندی عائد کرنے کے بعد نجی سکولوں کی جانب سے فیسیں وصول کرنے کے لئے بچوں کو پرائیویٹ اکیڈمیوں میں آنے کا پابند بنایا جا رہا ہے ۔

جس پر محکمہ تعلیم پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے تمام نجی اکیڈمیوں کو بھی چار روز میں بند کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گرمی کی شدت کے باعث اکیڈمیوں کو بھی بند کروانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد کا کہنا ہے کہ کمیٹی تمام پرائیویٹ اکیڈمیوں کو بند کروا کر رپورٹ پیش کرے گی جبکہ سمر کیمپ لگانے کی کسی طور پر بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔