نہ پہلے کسی محکمے کا بجٹ اورنج لائن پر لگایا گیا تھا نہ ہی اب لگایا جا رہا ہے ‘ وزیر خزانہ پنجاب

اورنج لائن ٹرین کو چائنا فنانس کر ر ہا ہے ملک میں مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے ایسے بہت سے منصوبے متعارف کروائے جس کا برا ہ راست فائدہ عام آدمی کو ہو گا،بجٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے لئے بہترین پیکج لا رہے ہیں ‘ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

جمعرات 2 جون 2016 20:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ اس سال بجٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے لئے بہترین پیکج لا رہے ہیں نہ پہلے کسی ڈیپارٹمنٹ کا بجٹ اورنج لائن پر لگایا گیا تھا نہ ہی اب لگایا جا رہا ہے اورنج لائن ٹرین کو چائنا فنانس کر ر ہا ہے ملک میں مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے ایسے بہت سے منصوبے متعارف کروائے جس کا برا ہ راست فائدہ عام آدمی کو ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گنگا رام ہسپتال میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے شعبہ جات یورالوجی اور گائنی کے اشتراک سے قائم کئے جانے والے پہلے یوروگائنی کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ علاج معالجے کی سروسز مہیا کرنے والے ڈاکٹرز ، ہسپتالوں اور پیرا میڈیکس سٹاف کے حقوق کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کا بجٹ محض نمبر گیم نہیں ہے اسے باقاعدہ منصوبہ بندی سے تیار کیا جا رہا ہے انشااﷲ کسی شعبے کا کوئی شخص نظر انداز نہیں کیا جائے بگا -DHQ اور BHQ کی شکل میں ہمارے پاس پبلک ہسپتالوں کا بہترین نیٹ ورک موجود ہے اس وقت ہمارا تمام تر فوکس ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے ، ہسپتالوں میں ضروری طبی آلات فراہم کرنے ، سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے اور ضرورت مند افراد کو مفت ادویات فراہم کرنے کی جانب ہے ۔

امید ہے کہ اس ضمن میں ہمیں آپ کا بھر پور تعاون حاصل رہے گا ۔ یوروگائنی میڈیکل سائنس میں ایک نیا شعبہ ہے گنگا رام ہسپتال کو پنجاب میں اپنی نوعیت کے اس پہلے کلینک کے قیام کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔ صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے ہونہارطلبہ و طالبات مستقبل میں بھی اپنی تحقیقات سے بہتر علاج کے نت نئے طریقے متعارف کرواتے رہیں گے ۔

اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن آف یورالوجیکل سرجنز کے صدر اور سربراہ شعبہ یورالوجی فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد نے شرکاء کو بتایا کہ پیشاب کا بار بار آنا اور اس پر کنٹرول کا ختم ہو جانا انتہائی تکلیف دہ عارضہ ہے جو لوگوں کی ازواجی و نفسیاتی زندگی کے ساتھ ساتھ ان کی معاشرتی زندگی کو بھی بری طرح متاثر کر رہا ہے مناسب رہنمائی نہ مل سکنے کی وجہ سے مریض غلط طریقوں سے علاج کی طرف مائل ہو رہے ہیں ۔

یوروگائنی کلینک دوران زچگی خواتین کو اس حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی بہترین کوشش ہے ۔ تقریب میں ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر فرزانہ نذیر ، ایم ایس گنگا رام ہسپتال سلمان مطلوب اور وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل کالجر فخر امام سمیت گائنی اور یورالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سینئر ڈاکٹرز بھی شریک تھے ۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کلینک کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے گنگا رام ہسپتال اور فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی قابل قدر خدمات کو سراہا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

متعلقہ عنوان :