غریب آدمی کو مہنگائی کی کند چھری سے مسلسل ذبح کیاجارہا ہے‘ذکر اﷲ مجاہد

ملکی معیشت اس وقت تک بہترنہیں ہوسکتی جب تک سودی معیشت سے چھٹکارا حاصل نہیں کیاجاتا ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 2 جون 2016 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ غریب آدمی کو مہنگائی کی کند چھری سے مسلسل ذبح کیاجارہا ہے اوروہ دن بدن زندہ درگو ر ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی میں ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بدترین مہنگائی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

حکومتی ارکان اسمبلی اور اپوزیشن ارکان ا س اہم مسئلہ پر اس شدت سے نہیں بولتے جس کی عوام ان سے توقع رکھتے ہیں۔ البتہ میڈیا کبھی کبھار مہنگائی کو بھی موضوع بناتا ہے۔ لیکن اکثر وبیشتر اس کے بھی موضوعات مختلف ہوتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومتیں تو ہمیشہ اپنی کامیاب پالیسیوں کے چرچے کرتی ہیں لیکن عوام الناس کے پاس حکومتی کارکردگی کو جانچنے کا ایک ہی پیمانہ ہے اور وہ اشیائے صرف کی قیمتیں ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت سے عوام نے توقع باندھی تھی کہ ان کے آنے سے اور کچھ نہ ہو ،معاشی استحکام ضرور آئے گا اور مہنگائی کے بے قابو جن کو کسی بوتل میں بند کرکے مہنگائی سے قدرے نجات مل پائے گی لیکن ہوا اس کے برعکس۔ انھوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی کئی وجوہات کے ساتھ ساتھ اہم ترین اور بنیادی وجہ سودی معیشت کا ہونا ہے۔ملکی معیشت اس وقت تک بہترنہیں ہوسکتی جب تک اس منحوس سودی معیشت سے چھٹکارا حاصل نہیں کیاجاتا ۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ مہنگائی کے بڑھنے میں جی ایس ٹی میں اضافہ، آئی ایم ایف سے قرضے،بالواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار، پرائس کنٹرول سے بے اعتنائی ،کرپشن اور شاہانہ اخراجات جیسے اقدامات کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔