کوہاٹ میں فائرنگ ،ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات میں چار افراد جاں بحق ،10زخمی ہوگئے، خاتون ملزمہ آلہ قتل سمیت گرفتار

جمعرات 2 جون 2016 20:23

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء ) کوہاٹ میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات کے دوران چار افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔پولیس نے خاتون ملزمہ کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ میں بیوی کے ہاتھوں خاوند کے قتل کا واقعہ بنوں روڈ کے علاقہ گڑھی رسالدار میں پیش آیا جہاں گھریلوں ناچاقی پر مبینہ ملزمہ مسماۃ عاصمہ بی بی نے کمرے کے اندر اپنے خاوند شکور خان کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔

مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے کے ڈی اے ہسپتال لائی گئی جہاں مقتول کے بھائی غفور خان کی مدعیت میں تھانہ محمد ریاض شہید پولیس نے خاوند کے قتل کا مقدمہ بیوی کے خلاف درج کرتے ہوئے انہیں آلہ قتل تیس بور پستول سمیت گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح قتل کا ایک اور واقعہ کوہاٹ کے نواحی علاقہ کچئی کے موضع موسیٰ خیل میں رونما ہوا جہاں قتل مقاتلہ کی سابقہ دشمنی کی بناء پر مبینہ ملزم مسلم علی ولد علی اکبر نے فائرنگ کرکے 60سالہ معمر شخص ذین اکبر کو قتل کردیا ۔

واردات کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا جبکہ مقتول کی لاش سول ہسپتال استرزئی لائی گئی جہاں استرزئی پولیس نے مقتول کی بیوہ مسماۃ فیروزہ بی بی کی رپورٹ پر نامزد ملزم مسلم علی کے خلاف انکے خاوند کے قتل کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔دریں اثناء کوہاٹ کے مضافات میں واقع علاقہ شاہ پور میں رہائش پزیرسترہ سالہ قبائلی نوجوان محمد قاسم ساکن اورکزئی ایجنسی نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر گھر کے اندر خود پر پستول سے فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا چراغ گل کردیا۔

تھانہ محمد ریاض شہیدپولیس نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ درج کرتے ہوئے وقوعہ کے متعلق تحقیقات شروع کردی ہیں۔علاوہ ازیں کوہاٹ میں ٹریفک کا ایک حادثہ انڈس ہائی وے پر ٹنل کے قریب دو مسافر گاڑیوں کے مابین پیش آیا جسمیں پشاور سے کوہاٹ آنے والی ایک سوزوکی پک اپ نمبرکوہاٹB.5660مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار ڈائیو بس نمبر LFS.4682سے ٹکراگئی جسکے نتیجے میں سوزوکی میں سوارڈھوڈہ شریف کا رہائشی محمد شریف موقع پر دم توڑ گیا جبکہ ایک ہی خاندان کے دیگر آٹھ افراد خیال اکبرسکنہ ڈھیری بانڈہ،محمداصغر،محمد حنیف،عاصم،مسماۃ بشریٰ ،نادیہ،عاقل جانہ اور بچی سکینہ ساکنان ڈھوڈہ شریف زخمی ہوگئے۔

مزید برآں کوہاٹ پنڈی روڈ پر گنڈیالی کے قریب موٹر کار الٹنے سے دو افراد آصف خان اور ڈاکٹریوسف ساجد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو فوری طور پر کوہاٹ ڈویژنل ہسپتال کے ڈی اے لایاگیاجن میں سے ایک زخمی کو تشویشناک حالت کے باعث پشاور منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے جنکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :