پاکستان یورپین یونین پارٹرنرشپ صحیح سمت کی جانب گامزن ہے ٗطارق فاطمی

معاون خصوصی سے یورپین پارلیمنٹ کے ارکان کی ملاقات

جمعرات 2 جون 2016 20:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان یورپین یونین پارٹرنرشپ صحیح سمت کی جانب گامزن ہے وہ جمعرات کو یہاں یورپین پارلیمنٹ کے اراکین سے گفتگو کررہے تھے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یورپین پارلیمنٹ کے ارکان امجد بشیراور جان زہرادل نے طارق فاطمی سے دفترخارجہ میں ملاقات کی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان یورپین یونین پارٹرنرشپ صحیح سمت کی جانب گامزن ہے۔اس سلسلے میں انہوں نے یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان کی کوششوں کو سراہااور ارکان پارلیمنٹ کی پاکستان کیلئے مسلسل حمایت پر انکا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران طارق فاطمی نے ارکان پارلیمنٹ کو عوام کے تحفظ،فلاح و بہبود، اقتصادی ترقی اور توانائی بحران پرقابو پانے کے حوالے سے موجودہ حکومتی پالیسیوں کے بارے میں بریف کیا۔

(جاری ہے)

یورپین پارلیمنٹ کے ارکان نے معاون خصوصی کو یورپین پارلیمنٹ میں جی ایس پی پلس سکیم پرجاری نظرثانی کے بارے میں بریف کیا۔بعد ازاں برطانوی پارلیمنٹ دارالعوام کی خواتین ارکان یاسمین قریشی اور ناز شاہ نے جمعرات کو یہاں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے ملاقات کی۔چیئرمین جموں و کشمیر حق خود ارادیت موومنٹ برائے برطانیہ و یورپ راجہ نجابت بھی انکے ہمراہ تھے۔

معاون خصوصی اوربرطانوی وفد نے ملاقات کے دوران پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔طارق فاطمی نے وفدکو وزیر اعظم کے وژن برائے پرامن ہمسائیگی اور علاقائی استحکام اور خوشحالی کے بارے میں بریفنگ دی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود پاکستان نے اقتصادی سیکٹرمیں نمایاں پیشرفت کی ہے۔اس موقع پرعلاقائی اور دو طرفہ اہمیت کے حامل معاملات بھی زیر بحث لائے گئے۔

متعلقہ عنوان :