ماحولیات سے متعلق مسائل کے حل کے لئے جامع پالیسی اپنائی جائے گی ٗزاہد حامد

جمعرات 2 جون 2016 20:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ ماحولیات سے متعلق مسائل کے حل کے لئے جامع پالیسی اپنائی جائے گی، وہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے زیراہتمام انوائرنمنٹ ونگ اسلام آباد میں ماحولیاتی ای سی او کے چھٹے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وفد میں ایران، آذربائیجان، افغانستان اور ترکی کے نمائندے شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اجلاس میں شریک وفد کو وزارت کی کارکردگی کے بارے میں بتایا اور کہا کہ حکومت پاکستان ’’گرین پاکستان پروگرام‘‘ کا اطلاق کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں کاربن کے مجموعی اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم اسے شدید ماحولیاتی خطرات کا سامنا ہے گزشتہ سال گرمی کی شدید لہر کے باعث 1200افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، 2010ء کے سیلاب کے باعث ہمارا شدید جانی اور معاشی نقصان ہوا، ہمیں پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان 100ملین درخت لگانے کا ارادہ رکھتی ہے ہم تفریح گاہوں اور جنگلی حیات پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک خصوصی موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی بنا رہے ہیں جو تمام مسائل کو حل کرے گی۔