سپریم کورٹ نے وفاقی نظامت تعلیم اور این ایچ اے کے ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے دائر درخواستیں واپس متعلقہ محکموں کو بھجوا دیں

جمعرات 2 جون 2016 20:08

اسلام آباد ۔ 2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جون۔2016ء) سپریم کورٹ نے وفاقی نظامت تعلیم اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کے ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے دائر درخواستیں واپس متعلقہ محکموں کو بھجواتے ہوئے واضح کیا ہے کہ متعلقہ محکمے قانون کو سامنے رکھتے ہوئے ملازمین کی میرٹ پراپنے ملازمین کی مستقلی کا فیصلہ کریں تاہم کوئی ملازم ادارے کے اقدام کو اپنے ساتھ ناانصافی سمجھ لے تو محکمانہ فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کوجسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ اس معاملہ میں اگر عدالت نے اجتماعی فیصلہ کیا تو مشکلات آئیں گی، یہ عدالت سیاسی یا غیر سیاس تقرریوں کا بوجھ نہیں اٹھائے گی۔ بعدازاں عدالت نے تمام فریقین کے منشاء کے مطابق فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ادارے چھ ماہ کے دوران اپنے ملازمین کو مستقل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں اور اگر ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہوتوعدالت سے رجوع کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :