وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ’’صاف پانی۔ ہماری ذمہ داری‘‘ کے تحت پنجاب صاف پانی کمپنی اگلے دو سالوں میں پنجاب کے ہر گاؤں تک پینے کا صاف پانی پہنچائے گی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 2 جون 2016 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 جون۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ’’صاف پانی۔ ہماری ذمہ داری‘‘ کے تحت پنجاب صاف پانی کمپنی اگلے دو سالوں میں پنجاب کے ہر گاؤں تک پینے کا صاف پانی پہنچائے گی۔ کمپنی کے واٹر پلانٹس سے پنجاب بھر کی 41 فیصد آبادی تقریباً 23ملین افراد کے پاس 2018ء تک پینے کا صاف پانی مہیا ہوگا۔ کمپنی کی سروے ٹیمیں لاہور کے گردونواح اور قصور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں اپنا ابتدائی کام مکمل کرنے کے قریب ہیں۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل و ایم این اے رشید احمد کی زیر صدارت اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پنجاب صاف پانی کمپنی وسیم اجمل، لاہور ڈویژن کے ڈی سی اوز اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو صاف پانی کے حوالے سے آج بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ صاف پانی کے حوالے سے صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں کی ضروریات و تقاضوں کے مطابق تمام صوبے کو 8 پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مختلف علاقوں میں پانی میں موجود آلودگی اور کیمیائی ثقافتوں کے پیش نظر ریورس آسموس، الٹرافلٹریشن پلانٹس اور ٹریڈیشنل فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت شمسی توانائی کے ساتھ ساتھ بوقت ضرورت نیشنل گرڈ کی بجلی سے بھی پانی فراہم کریں گے۔ منصوبے کے موثر نفاذ کے لیے بین الاقوامی انجینئرنگ مینجمنٹ کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ وہ تجزیہ کے ساتھ ساتھ منصوبے کے ڈیزائن اور تکمیل تک کے مراحل کی نگرانی کے فرائض بھی سر انجام دے سکیں۔

پہلے مرحلے میں 121 ارب روپے کی لاگت سے 14 کنٹریکٹ کیے جائیں گے۔ اس سے 10 اضلاع (قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، فیصل آباد، مظفرگڑھ، رحیم یار خان، ڈی جی خان، راجن پور، بہاولپور، لودھراں) کی 35 تحصیلوں میں 2کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگوں کو پینے کا صاف پانی ملے گا۔ 15 ماہ میں پہلا مرحلہ مکمل ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ فروری 2018 اور تیسرا مرحلہ اپریل 2018 تک مکمل ہوگا جس سے پورے پنجاب کے دیہی علاقے اس نعمت سے مستفید ہو سکیں گے۔

جنوبی پنجاب کی تحصیلوں لودھراں، خانپور، حاصل پور، دنیا پور اور منچن آباد میں اس منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ جہاں 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔ اب تک یہاں ایک ارب روپے سے زائد کی لاگت سے 80 فلٹریشن پلانٹس سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔ جس سے اڑھائی لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو رہے ہیں۔یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جس سے نہ صرف مقامی افراد کو پینے کا صاف پانی حاصل ہوگا بلکہ روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔ لوگوں کو آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے نجات ملے گی اور ان کے معیار زندگی میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔