رمضان کے دوران بھتہ مافیا اور زبردستی فطرہ و زکوٰۃ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے، وزیر داخلہ سندھ

جمعرات 2 جون 2016 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران بھتہ مافیا اور زبردستی فطرہ و زکوٰۃ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سی پی او میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناُاﷲ عباسی سمیت تمام ڈی آئی جیز و دیگر سینئر پولیس افسران موجود تھے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے لہذٰا سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز، علاقے کی سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات و قائدین سے اجلاس کریں تاکہ اس ماہ کے دوران درپیش ممکنہ ایشوز کے حل میں خاطر خواہ اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی جی سندھ سے کہا کہ ہائی ویز پر حادثات کو ریسکیو کرنے اور جرائم کے انسداد کے حوالے سے ایس آر پی کے افسران اور جوانوں پر مشتمل ہائی ویز ایمرجینسی پولیس فورس کا قیام عمل میں لایا جائے اور مساجد، امام بارگاہوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :