زندگی میں کامیابی کے لئے مسلسل محنت بیحد ضروری ہے ‘حمیدہ وحید الدین

حکومت پنجاب نے خواتین کی فلاح و بہبود ، ترقی اور تحفظ کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں ‘صوبائی وزیر

جمعرات 2 جون 2016 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء ) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ زندگی میں کامیابی کے لئے مسلسل محنت بیحد ضروری ہے - وہ یہاں ریڈیو پاکستان کے پروگرام ’’ رابطہ ‘‘ میں گفتگو کر رہی تھیں پروگرام کے پروڈیوسر مرزا اطہر لطیف ، ایگزیکٹو پروڈیوسر احمر سہیل بسرا بھی اس موقع پر موجود تھے -پروگرام کے میزبان ظہیر سومرہ کے مختلف سوالات کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کی فلاح و بہبود ، ترقی اور تحفظ کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں - حکومت نے ملازمت پیشہ خواتین کے تحفظ کے لئے ہراسمنٹ ایکٹ ان پر تشدد کے خاتمے کے لئے وائلنس ایکٹ ، ورکنگ وویمن ہو سٹلز اور ڈے کیئر سینٹرز کا قیام، وراثتی جائیداد میں حصہ سکلز ڈویلپمنٹ کی ٹریننگ ، جہیز کے خاتمے سمیت متعدد اقدامات کئے ہیں -حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ اب تک صوبے کے 16اضلاع میں ورکنگ وویمن ہاسٹلز قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ 100ملین روپے کی لاگت سے مزید ہوسٹلز آئندہ مالی سال میں اضلاع میں بنائے جائیں گے -انہوں نے کہا کہ 5اضلاع میں دیہی خواتین میں مویشی تقسیم کئے جائیں گے - انہوں نے کہا کہ اضلاع میں خواتین پبلک پراسیکیوٹرز کا تقرر عمل میں لایا جا چکا ہے -نیز 11اضلاع میں فیملی کورٹس قائم ہو چکے ہیں خواتین کی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ہر ضلع میں کاروبار سہولت مراکز کے قیام کے ساتھ ساتھ انہیں بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے - انہوں نے کہا کہ خواتین کو صنفی معاشرتی رویوں کا سامنا ہے جسکا خاتمہ نہایت ضروری ہے حکومت کے اقدامات کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں آج خواتین اپنے حقوق سے آگاہ ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے ترقی میں ہر شہری کو اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے -

متعلقہ عنوان :