وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کی زیرصدارت تھیم پارک کی تعمیر کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

کمشنر لا ہور ڈویژن ، ڈی جی پی ایچ اے اور ڈائریکٹرپنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل

جمعرات 2 جون 2016 18:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء )صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی صدارت میں تھیم پارک کی تعمیر کے معاملات میں پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل خواجہ ، ایڈیشنل کمشنر لاہور رافع احمد ملہی ، پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے ڈائر یکٹر ڈاکٹر سہیل سلیم ،ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے تھیم پارک کے قیام کے امور کو جلد ازجلد طے کرنے کے لیے کمشنر لا ہور ڈویژن ، ڈی جی پی ایچ اے اور ڈائریکٹرپنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل دی جو اس حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات سٹیرنگ کمیٹی کو پیش کرے گی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایاگیا کہ تھیم پارک کیلئے اراضی کے حصول و دیگر انتظامی و قانونی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ،منصوبے سے نہ صرف پنجاب کے عوام کو عالمی معیار کی تفریحی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے جلدازجلد آغاز کیلئے تمام امور فوری طور پر طے کر لئے جائیں۔