ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا

جمعرات 2 جون 2016 18:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 جون کوجواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے مالی سال 2015 ء کا بجٹ خسارہ مکمل کرنے اور مالی اہداف حاصل کرنے کے نام پر پیٹرولیم مصنوعات پر پچاس فیصد سے زائد سیلز ٹیکس عائد کیا۔

(جاری ہے)

مالی سال 2016 ء کا نیا بجٹ آنے والا ہے مگر حکومت غیر قانونی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر سیلز ٹیکس کی پرانی شرح برقرار رکھے ہوئے ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل تین ،،نو اور چودہ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ کے سیکشن تین کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تیرہ روپے کمی کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں ۔ جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو 6 جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔