چیف سیکرٹری کا مون سون بارشوں کے لئے انتظامات مکمل کرنیکاحکم

نکاسی آب کے لئے مشینری کو چالو حالت میں رکھا جائے : زاہد سعید ڈی واٹرنگ سیٹس کی انسپکشن،ڈرینز کی صفائی، ترقیاتی منصوبوں کاتعمیراتی ملبہ ہٹانے کی ہدایت

جمعرات 2 جون 2016 18:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) زاہد سعید نے ہدایت کی ہے کہ مون سون بارشوں کے حوالے سے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے اور اس سلسلے میں تمام محکمے اپنی تیاری مکمل رکھیں - وہ آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں مون سون بارشوں کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - چیف سیکرٹری نے کہا کہ مون سون پلان میں نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے حوالے سے موثر انتظامات کو خصوصی طو رپر مدنظر رکھا جائے - انہوں نے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ ڈرینز اور نالوں کی صفائی کی جائے اورمون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب کے لئے تمام مشینری اور واٹر پمپس کو چالو حالت میں رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کا تعمیراتی ملبہ فوری طور پر ہٹانے کا حکم بھی دیا - انہوں نے کہا کہ تمام محکمے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے اپنی استعداد بڑھانے پر خصوصی توجہ دیں اور مون سون انتظامات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کریں -چیف سیکرٹری نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ڈی واٹرنگ سیٹس اور دیگر آلات کی انسپکشن کی جائے- محکمہ بلدیات کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹی ایم ایز نے مون سون بارشوں کے حوالے سے تیاری مکمل کر لی ہے او رمحکمہ بلدیات کے افسران نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف تحصیلوں کا دورہ کیا ہے - انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے لئے تمام ٹی ایم ایز کو خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے - اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری بلدیات، واسا کے ایم ڈیز ، ڈی سی او لاہور اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی -

متعلقہ عنوان :