ایف بی آر کی جانب سے بجٹ میں حاجیوں پر ٹیکس پانچ ہزار سے بڑھا کر چھ ہزار پانچ سو، عمرہ اور زیارات پر دو ہزار روپے ٹیکس لگانے کی تجویز قابل مذمت ہے ،حج ایک اہم مذہبی فریضہ ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ اس پر ٹیکس بڑھانے کی بجائے اسے ختم کیا جائے تاکہ حاجیوں اور عمرہ زائیرین کو ریلیف مل سکے ۔ولید اقبال

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 2 جون 2016 18:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 جون۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبر و صدارتی امید وار لاہور ولید اقبال نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے بجٹ میں حاجیوں پر ٹیکس پانچ ہزار سے بڑھا کر چھ ہزار پانچ سو، عمرہ اور زیارات پر دو ہزار روپے ٹیکس لگانے کی تجویز قابل مذمت ہے ،حج ایک اہم مذہبی فریضہ ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ اس پر ٹیکس بڑھانے کی بجائے اسے ختم کیا جائے تاکہ حاجیوں اور عمرہ زائیرین کو ریلیف مل سکے ۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں رانا عارف، ارشد خان اور ملک رمضان کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا جب بھی ملک میں امن قائم ہونے لگتا ہے تو امریکہ کی جانب سے ڈرون حملہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوتے ہیں اور عوام میں شدید نفرت پیدا ہوتی ہے، ڈرون حملے ملکی سلامتی اور خود مختاری کیلئے خطرہ ہیں حکمرانوں کی جانب سے صرف مذمت کر دینا ہی کافی نہیں بلکہ انہیں امریکہ کے ساتھ بات چیت کر کے ڈرون حملوں کو بند کروانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ جاری ہے، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج پر عزم اور پوری قوم متحد ہے، پاک فوج اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی انکا خون رنگ لائے گا اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا ، دہشت گردی کی جنگ میں حکمران خاموش تماشائی بننے کی بجائے ملک اور قوم کی ترجمانی کریں اور امریکہ کے آگے بھیگی بلی بننے کی بجائے برابری کی سطح پر دو ٹوک موقف اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستانی عوام نے جان و مال کی لا زوال قربانیاں دی ہیں اور سب سے زیادہ نقصان بھی پاکستان ہی نے اٹھا یا ہے اس کے با وجود پوری قوم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دہشت گردی کی جنگ میں پاک آرمی کی پشت پر کھڑے ہیں جو ایک غیوراور حوصلہ مند قوم کی نشانی ہے ۔

متعلقہ عنوان :