حکومت نام کی کوئی چیزموجود نہیں،عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے پریشان ہیں،غریب اور بے روزگار نوجوان

عرضیاں لے کردردربھٹک رہے ہیں

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 2 جون 2016 18:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 جون۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبرگجر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے میرٹ کی دھجیاں بکھیر کررکھ دی ہیں۔صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیزموجود نہیں،عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے پریشان ہیں،غریب اور بے روزگار نوجوان عرضیاں لے کردردربھٹک رہے ہیں اور کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔

وڈیرے وزیروں کو بڑھکیں مارنے اوروفاق اور وفاقی حکومت کو ہدف تنقیدبنانے سے ہی فرصت نہیں ہے۔سندھ حکومت کواگر عوامی مینڈیٹ کاذرابھی لحاظ ہے تو وہ پنجاب حکومت کی تقلید کرے جہاں میاں شہبازشریف نے ملک کے سب سے بڑے صوبے کو ماڈل صوبہ بنا دیا ہے اور وہاں کے عوام حکومت کی کارکردگی پر نہ صرف مطمئن ہیں بلکہ مسلم لیگ(ن) کے منصوبوں کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائیں سرکار نے ملک کی عدلیہ کو مذاق بنا رکھا ہے۔ صوبے میں میرٹ کا قتل عام کیا جارہاہے ۔اہل اور پرصلاحیت افسروں کو کھڈے لائن لگایاجارہاہے اور ترقیاں ،تقرریاں اورتبادلے پسندناپسندکی بنیادپرکئے جارہے ہیں۔ملک کی اعلیٰ عدالتوں نے بارہاسندھ حکومت کو طرزحکومت بہتربنانے اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی ہے لیکن سائیں سرکار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

پیپلزپارٹی ماضی میں عدالتوں کو کنگروکورٹس قراردیتی رہی ہے ،اب بھی اس کی سوچ تبدیل نہیں ہوئی اور وہ ماضی کی طرح عدالتوں کے احکامات کاتمسخراڑانے پرتلی ہوئی ہے۔یہ سراسر عدالتی تقدس سے روگردانی ہے جس کا آج نہیں تو کل پیپلزپارٹی کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔علی اکبر گجر نے کہا کہ حال ہی میں ملک کی سب سے بڑی عدالت نے اپنے ریمارکس میں سندھ حکومت کو بادشاہت کالقب عطاکیا ہے جس پر سائیں سرکار کوعدلیہ کے احکامات کی روشنی میں اپنی اصلاح کرنی چاہئے اور فی الفور اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے سب شعبوں میں میرٹ کارواج ڈالنا چاہئے تاکہ سندھ صوبے میں حق داروں کو ان کا حق مل سکے ، غریب عوام کے مسائل حل ہوسکیں اور انہیں محسوس ہو کہ واقعی سندھ میں کوئی حکومت کام کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :