علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دبئی جانے والے نجی ائیر لائن کے طیارے کے چاروں ٹائر پھٹ گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 جون 2016 17:26

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دبئی جانے والے نجی ائیر لائن کے ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02جون۔2016ء) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دبئی جانے والے نجی ائیر لائن کے طیارے کے چاروں ٹائر پھٹ گئے۔نجی ایئر لائن شائین کے ایئر بس 766 کے پچھلے چاروں ٹائر پھٹنے کا واقعہ طیارے کو ٹیک آف سے قبل رن پر لانے کے دوران پیش آیا۔طیارے کے انجن میں طاقت کم ہونے کے باعث ٹائر پھٹنے کے بعد پائلٹ نے ایمرجنسی بریک لگائے۔

(جاری ہے)

طیارے کو رن وے کی طرف لاتے ہوئے چاروں ٹائر کے پھٹنے کے دھماکوں کے فوری بعد ہی فائر بریگیڈ، ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں رن وے پر پہنچ گئیں۔ایئر پورٹ حکام کے مطابق طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے، تاہم ٹائر پھٹنے کے بعد تمام افراد محفوظ رہے۔رپورٹ کے مطابق طیارے کو فوری طور پر رن وے سے ہٹانے کی کوشش شروع کی گئیں جبکہ فلائٹ آپریشن بھی کچھ وقت کے لیے متاثر ہوا۔طیارے میں موجود مسافروں کو سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ایئر پورٹ کے لاونج میں منتقل کیا۔سی اے اے کے ترجمان کے مطابق ٹائر پھٹنے کے واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ رن وے کو کلیئر رکھا گیا تھا تا کہ دیگر پروازوں کا شیڈول متاثر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :