صحت اور تعلیمی ادارے تباہ ، جبکہ اقتدار اور لیڈر بننے کے شوقین اپنے دفتر سے بھاگ رہے ہیں

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 2 جون 2016 16:45

چاغی (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 جون۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا ہے کہ چاغی میں سیاست کو کاروبار بنادیا گیا ہے جہاں نیا ڈرامہ شروع کرکے این جی اوز کے کام بھی اپنے کھاتے میں ڈالے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاغی میں صحت اور تعلیمی ادارے تباہ ہیں جبکہ اقتدار اور لیڈر بننے کے شوقین اپنے دفتر سے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے عوام کے عزت اور جان و مال کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بناؤں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین میں پی پی پی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں بابائے چاغی پینل سے مستعفی ہونے والے میر مولا بخش بڑیچ اور عبدالشکور نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیااس موقع پر پی پی پی کے ضلعی صدر میر حبیب دہانی، سردار اعظم برہانزئی، حاجی صاحب خان محمد حسنی، ملک محمد اعظم شہی، ملک اشرف شہی و دیگر قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میر محمد عارف محمد حسنی نے نئے شمولیت کرنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچائی کے راستے پر گامز ن ہیں اس لیئے انھیں کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بطورنگران وزیر حلف اٹھاتے ہی ضلع چاغی میں معاملات یکدم درست ہوئے کیونکہ انہوں نے بطور ضلعی ناظم بھی چوروں اور کرپٹ عناصر کی پشت پناہی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پھر اپنے اس موقف کو دہراتے ہیں کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو تعلیم، صحت، پولیس، لیویز اور پی ایچ ای جیسے عوام سے براہ راست جڑے محکموں میں ملازمین کی کسی بھی قسم کی من مانی، غیر حاضری اور کرپشن کو برداشت نہیں کریں گے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں اور ان کے سیاسی جدوجہد کا مقصد لوگوں کے حقوق اور ان کی عزت ، جان و مال کا تحفظ کرکے چاغی کو خوشحال ، پرامن اور ترقی یافتہ بنانا ہے جس کے لیئے پی پی پی کی پلیٹ فارم سے کوششیں جار رہیں گی۔