امریکی ڈرون حملہ ‘ آئین مظلوم کو مقدمہ کا حق دیتا ہے ‘ پاکستان

جمعرات 2 جون 2016 16:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے امریکی ڈرون حملے کے خلاف درج ایف آئی آر کے حوالے سے کہا ہے کہ ملکی آئین کسی بھی اس کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا حق دیتا ہے ‘وزیر اعظم محمد صحت یاب ہو کر وطن واپس لوٹیں گے ‘بھارتی جاسوس کی گرفتاری اور ملک میں بھارتی مداخلت کے معاملے پر پاکستان میں تعینات تمام ممالک کے سفیروں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے ‘ دفاعی اورنیوکلیئر صلاحیتوں میں اضافے کی بھارتی کوششوں سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو گا ‘پاکستان میں قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے قیام کی مدت رواں سال 30 جون کو ختم ہورہی ہے ‘طاقت سے افغان مسئلہ حل نہیں ہوگا ‘پاکستان اور افغانستان کے درمیان بارڈر مینجمنٹ سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان ڈرون حملوں کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہا ہے اور اس پر پاکستان کی پوزیشن اس کے اصولوں پر مبنی ہے۔لندن میں زیر علاج وزیر اعظم نواز شریف کے حوالے سے نفیس زکریا نے کہا کہ وہ مکمل صحت یاب ہونے کے وطن واپس لوٹ آئیں گے۔پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے اور اس کے جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ نے اس معاملے پر پاکستان میں تعینات تمام ممالک کے سفیروں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 60 ہزار سے زائد شہری اپنی جان کی قربانی دے چکے ہیں ‘سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے۔افغانستان کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے نفیس زکریا نے کہاکہ پاکستان کو اس پر کابل کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں ملا، اس سلسلے میں افغانستان کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔

افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے قیام کی مدت رواں سال 30 جون کو ختم ہورہی ہے، اور معاہدے کی تجدید کے لیے افغان حکومت نے پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔ایک سوال پر ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان میں بھارتی ایجنٹ کے اعترافی بیانات کی روشنی میں مزیدگرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

”را“ بلوچستان اور کراچی میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔پاکستانی سیکورٹی ایجنسیاں اس سے بخوبی آگا ہ اور ہر قسم کے چیلنجوں کیلئے تیار ہیں ‘جاپان کی جانب سے بھارت میں مزید ایٹمی ریکٹر کی تعمیر کے حوالے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دفاعی اور نیوکلیئر صلاحیتوں میں اضافے کی بھارتی کوششوں سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سیکورٹی اور استحکام کی بنیادوں پر نیو کلیئرسپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے درخواست دی ہے اور پاکستان ہر لحاظ سے گروپ کی رکنیت کا حقدار ہے۔افغان مسئلے کے حوالے سے ایک سال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کیلئے چار فریقی رابطہ گروپ فعال ہے اور افغان حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ طاقت سے افغان مسئلے کا حل ممکن نہیں،گزشتہ 15 سال سے فوجی طاقت استعمال کیا گیا لیکن یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،پاکستانی معیشت کو اربوں ڈالر نقصان ہوا ہے ‘60 ہزار سے زائدافراد نے جانوں کی قربانی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بارڈر مینجمنٹ سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہو گا تاہم مریضوں اور پاکستانی تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طلباء کے ساتھ اب بھی رعایت کی جاتی ہے۔

امریکا کیساتھ تعلقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کو اہم ملک قرار دیا ہے پاکستان کے امریکا کیساتھ تعلقات محدود نہیں بلکہ وسیع البنیاد ہیں۔ملکوں کے درمیان تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2008کے بعد اس خطے میں بہت تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔سی پیک کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ یہ گیم چینجرنہیں بلکہ فیٹ چینجر منصوبہ ہے،اس سے پاکستان اورچین سمیت تمام خطہ مستفید ہو گا۔افغان مہاجرین کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کے قیام کی مدت 30جون کو ختم ہو چکی ہے تاہم اقوام متحدہ نے افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کی درخواست کی ہے جس پر غور کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :