مشیر وزیر اعظم ملک محمد افضل کھوکھر نے ماڈل بازارڈیرہ غازی خاں کا افتتاح کر دیا

جمعرات 2 جون 2016 16:35

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) مشیر وزیر اعظم و چیئرمین ماڈل بازار پنجاب رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر نے ماڈل بازارڈیرہ غازی خاں کا افتتاح کر دیا ۔ممبران پنجاب اسمبلی سید علیم شاہ ،میڈم نجمہ ارشد،کمشنر و ڈی سی او ڈیرہ غازی خاں ہمراہ تھے ۔اس موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں مشیر وزیر اعظم ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کے قیام کیساتھ عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھی ہرممکن اقدامات کررہی ہے ،ماڈل بازاروں میں لگائے جانے والے سستے رمضان بازار اپنی مثال آپ ہوں گے ،انتظامات مکمل ہوچکے ہیں،رمضان بازاروں میں صارفین کو مثالی ریلیف دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،دکاندار ماہ رمضان میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فروخت کرکے نیکی کمائیں ۔

(جاری ہے)

قائدین کا ہر قدم خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے ،ترقیاتی منصوبوں میں بچت کرکے وسائل فلاحی منصوبوں پر خرچ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے والے ناکام ہوں گے ۔آئندہ مالی سال میں دیہی ،پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائیگی ،ملکی تقدیر بدلنے والے منصوبے ہر صورت مکمل کریں گے ،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ،نواز شریف کی قوم اور پاکستان کو سخت ضرورت ہے ،وزیر اعظم نواز شریف کا پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی جوہری قوت بنانے کا عظیم الشان کارنامہ ہمیشہ قابل فخر رہے گا ۔