وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری: صحتیابی کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل،برطانوی،بھارتی وزرائے اعظم سمیت قومی و عالمی رہنماؤں کیطرف سے صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

پاکستانی وزیر اعظم کیلئے دعاگوہوں،بان کی مون۔۔آپکی صحتیابی کا خواہشمند اور آئندہ ملاقات کا منتظرہوں۔ڈیوڈ کمیرون۔۔بھارتی وزیراعظم مودی نے نوازشریف کو پھولوں کاگلدستہ بھجوا یا،مولانا فضل الرحمان کاشہباز شریف کو ٹیلی فون،میاں منظور احمد وٹونے بھی خریت دریافت کی۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 جون 2016 16:23

لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 جون۔2016ء) :وزیراعظم پاکستان محمدنواز شریف کی صحت یابی کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مو ن سمیت قومی و عالمی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف جلد صحتیابی کیلئے دعا گوہوں ہوں۔

بان کی مون نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ نواز شریف کا دل کا آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کی شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔آئندہ بھی اقوام متحدہ او ر پاکستان ملکر کام کرتے رہیں گے۔دوسری جانب ان کے پاس ڈیوڈ کیمرون اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی گلدستہ بھجوایا گیا اور وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون نے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھا۔ جس میں برطانوی وزیراعظم نے نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بیماری اور لندن میں علاج سے متعلق سنا ہے۔ جس پر میں آپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں اور آپ سے آئندہ ملاقات کا منتظر ہوں۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے وزیر اعظم نواز شریف کی خیریت دریافت کی۔

انہوں نے نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں جس طرح نواز شریف کے اہل خانہ نے صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مولانا نے شہباز شریف کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم بہت جلد صحت یاب ہو کر ملک واپس آئیں گے اور عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے خیریت دریافت کرنے او ر نیک خواہشات پر مولانا کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے وزیراعظم میاں نواز شریف کو گزشتہ روز اپنے بھتیجے کے ہاتھ پھولوں کا گلدستہ بھیجا اور وزیر اعظم نواز شریف کے لئے نیک تمناؤں اور جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا منگل کولندن میں ہارلے سٹریٹ کلینک میں دل کا آپریشن ہوا تھا جہاں وہ اب بھی آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج ہیں۔