پاکستان پر امن، ہمسائیگی، علاقائی استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے ، یورپی یونین سے شراکت داری درست سمت میں آگے بڑھ رہی ،پاکستان یورپی یونین سے تعلقات کوبڑی اہمیت دیتاہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی گفتگو

جمعرات 2 جون 2016 14:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن، ہمسائیگی، علاقائی استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے ، یورپی یونین سے شراکت داری درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور پاکستان یورپی یونین سے تعلقات کوبڑی اہمیت دیتا ہے، ارکان یورپی یونین پارلیمنٹ جان ظہر عادل نے کہا کہ پاکستان کی سماجی اور اقتصادی پالیسیوں کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

جمعرات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے یورپی یونین پارلیمنٹ کے ارکان امجد بشیر اور جان ظہر عادل نے ملاقات کی جس میں طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین سے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور یورپی یونین سے شراکت داری درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، طارق فاطمی نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر یورپی ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ تعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے پارلیمنٹ وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے اور ارکان یورپی یونین پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی، ارکان یورپی یونین پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستان سماجی و اقتصادی پالیسیوں کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور یورپی یونین پارلیمنٹ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان یاسمین قریشی اور نازشاہ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، معاون خصوصی نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو وزیراعظم کے ویژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی ، علاقائی استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چیلنجز کے باوجود جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور پاکستان کی اقتصادی شعبے میں واضح پیش رفت ہوئی ہے۔