طوفان کی تباہ کاریاں ‘ اسلا م آباد سمیت مختلف علاقوں میں حادثات کے باعث مرنے والوں کی تعداد 30ہوگئی

جمعرات 2 جون 2016 14:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ‘ راولپنڈی ‘ خیبرپختون خوا اور پنجاب کے شمالی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 30ہوگئی جبکہ محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد سمیت ملکی بالائی علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش اور مٹی کے طوفان کا امکان ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شدید طوفان اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 30ہوگئی ‘ اسلام آباد میں مختلف حادثات میں69 زخمی ‘ ضلع راولپنڈی میں 122 افراد زخمی ہوئے ‘ اسلام آباد اور گردونواح کے کئی علاقوں میں جمعرات کو بھی بجلی بحال نہ کی جاسکی۔

ٹرانسفارمر گرنے اور تار ٹوٹنے کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں بجلی جمعرات کو بھی غائب رہی جس سے شہری پریشان دکھائی دیئے اور بجلی نہ ہونے کے باعث پانی کی قلت پیدا ہوگئی ترجمان آئیسکو کے مطابق آندھی اور طوفان کی وجہ سے آئیسکو کا آپریشن متاثر ہوا ‘آئیسکو کی ٹیمیں دوسرے روز بھی بحالی کے کاموں میں مصروف رہیں خیبرپختون خوا کے کئی اضلاع اورفاٹا سمیت پنچاب میں تیز آندھی کیساتھ اورموسلادھار بارش ہوئی ۔

(جاری ہے)

مکانات کی چھتیں اوردیواریں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور متعدد ازخمی ہوگئے۔خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں تیزآندھی اور بارش نے تباہی مچادی ‘پشاورشہراور گردنواح میں پچپن کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے چلنے والی طوفانی ہواؤں اورنارش سے بعض سڑکوں پرپانی کھڑاہوگیانواحی علاقے مو سیٰ زئی میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور اس کا6 ماہ کابیٹاجاں بحق اور2افراد زخمی ہوئے۔

کوہاٹ روڈ پردیوارگرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔نوشہرہ میں کئی درخت،سائن بورڈگرگئے اوربجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں،جس سے بجلی معطل ہوگئی ‘ مختلف حادثات میں ایک شخص ہلاک اور13افرادزخمی ہوگئے۔خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے شاکس میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اورتین بچے زخمی ہوئے ‘ چارسدہ میں ایک بچہ جاں بحق ہوا۔ سوات،کوہاٹ،بٹ خیلہ، شانگلہ اور تربیلا غازی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں گجرات،سیالکوٹ اور میں بھی تیز آندھی اوربارش ہوئی،گوجرانوالا میں تیز ہوائیں چلنے پر74فیڈرز ٹرپ کرگئے اوربجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔ادھر محکمہ موسمیا ت نے کہاہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد سمیت ملکی بالائی علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش اور مٹی کے طوفان کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان اور بنوں ڈویژن میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی پنجاب، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں بھی بارش اور مٹی کے طوفان کی پیشگوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :