پاکستان سے محبت پر ایک اوربنگلہ دیشی کو سزائے موت،دوکو عمرقید

جمعرات 2 جون 2016 14:09

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) بنگلہ دیش کی ایک خصوصی عدالت نے سن 1971 کی جنگ میں دو مقامی جنگجووٴں کے قتل میں ملوث ہونے کے جرم کے مرتکب ایک شخص کو پھانسی اور دو کو عمر قید کی سزا سنا دی مقامی میڈیا کے مطابق ڈھاکہ میں قائم بنگلہ دیش کی تین رْکنی انٹرنیشنل کرائم ٹریبیونل کی طرف سے اس فیصلے کا اعلان لوگوں سے کھچا کھچ بھرے ایک کورٹ روم میں کیا گیا۔

اس اعلان میں کہا گیا کہ پاکستان سے آزادی حاصل کرنے کے لیے لڑی جانے والی سن71 کی جنگ کے دوران یہ تینوں مجرم دیگر جرائم کے علاوہ بنگلہ دیش کے دو مقامی جنگجووٴں کے قتل میں ملوث تھے۔ ان میں سے ایک کو موت کی جبکہ اس کے دو ساتھیوں کو عمر قید کی سزائی سنادی گئی۔اْدھر وکلائے صفائی نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کی اس خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف ایک اعلیٰ عدالت میں اپیل درج کریں گے۔

(جاری ہے)

ان مجرموں پر خواتین کی عصمت دری اور نہتے، غیر مسلح افراد کو اذیت پہنچانے اور اْن پر تشدد کرنے کرنے جیسے جراسم کا مرتکب ہونے کے الزامات بھی عائد ہیں۔اب تک بنگلہ دیش کی سب سے بڑی اسلامی پارٹی، جماعت اسلامی کے پانچ سینیئر رہنماوٴں، جن میں امیر جماعت اسلامی بھی شامل ہیں کے علاوہ ان کے نائبین میں سے تین کو اب تک تختہ دار پر لٹکایاجا چْکا ہے۔

ان سب کو جنگی جرائم کا مجرم پایا گیا۔ سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی قیادت والی بنگلہ دیش کی مرکزی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ایک سینیئر رہنما کو بھی جنگی جرائم کا مجرم قرار دیتے ہوئے پھانسی دی جا چْکی ہے۔اپوزیشن پارٹی کا کہناتھا کہ ان ٹرائلز کے پیچھے سیاسی عناصر کار فرما ہیں اور ان کے مقاصد بھی سیاسی ہیں تاہم اس الزام کی ڈھاکہ حکومت کی طرف سے ہمیشہ تردید کی جاتی رہی ہے۔

بنگلہ دیش کا کہنا ہے کہ سن 71 کی جنگ آزادی میں پاکستانی فوجیوں نے اپنے مقامی حلیفوں کے ساتھ مل کر جو قتل و غارت گری مچائی تھی اْس کے نتیجے میں 3 ملین افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ دو لاکھ کے قریب خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اْن کی عصمت لوٹی گئی تھی۔ اْس جنگ میں 10 ملین افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر بھارت میں مہاجر کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے تھے۔ اْس وقت پڑوسی ملک بھارت نے بنگلہ دیش کو ہتھیاروں، جنگی تربیت اور دیگر امداد فراہم کی تھی۔

متعلقہ عنوان :