میلاد فورم پاک عرب سوسائٹی کے زیر اہتمام راشن تقسیم کی تقریب سے علامہ قاری محمد زوار بہادر بریگیڈیر اسرارالحق،پروفیسر احمد رضا خان، پروفیسر عابد رفیق اور دیگر کے خطابات

Malik Usman ملک عثمان جمعرات 2 جون 2016 14:04

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔02 جون 2016ء) میلاد فورم پاک عرب سوسائٹی کے زیر اہتمام رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مستحقین میں راشن تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی اصل روح جذبہ خدمت خلق ہے رمضان المبارک میں حالت صوم میں انسان اللہ رب العزت کے حکم پر ایک خاص وقت کے لئے کھانے پینے کی پابندی کرتا ہے جس سے یہ اللہ رب العزت کی بار گاہ میں قرب حاصل کرتا ہے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک تزکیہ نفس کے ساتھ ساتھ انسان کو مخلوق خدا کی ضروریات اور جذبہ خدمت سے سرشار ہو کر انسانیت کی خدمت میں لگ جاتا ہے میلاد فورم نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل مستحقین میں راشن تقسیم کرکے غرباء اور مساکین کی خدمت سے رمضان المبارک میں عبادت اور مخلوق خدا کی خدمت کا ثواب حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میلاد فورم کے راشن تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے پاک عرب سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیر اسرارالحق،پروفیسر احمد رضا خان، پروفیسر عابد رفیق، حافظ نصیر احمد نورانی ،مفتی تصدق حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ایک ہزار سے زائد مستحقین کو راشن تقسیم کیا گیا۔