پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کے خلا ف د ائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 2 جون 2016 13:08

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 جون۔2016ء )لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کے خلا ف د ائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی. درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مالی سال 2015 کا بجٹ خسارہ مکمل کرنے اور مالی اہداف حاصل کرنے کے نام پر پیٹرولیم مصنوعات پر پچاس فیصد سے زائد سیلز ٹیکس عائد کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2016 کا نیا بجٹ آنے والا ہے مگر حکومت غیر قانونی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر سیلز ٹیکس کی پرانی شرح برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ حکومت اس اقدام کے ذریعے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل تین ،،نو اور چودہ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سیلز ٹیکس ایکٹ کے سیکشن تین کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تیرہ روپے کمی کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو چھ جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا.