ضلع قصور کی عوام کے لئے میرے دروازے ہروقت کھلے ہیں، ڈی پی او قصور علی ناصر رضوی

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 2 جون 2016 13:04

ضلع قصور کی عوام کے لئے میرے دروازے ہروقت کھلے ہیں، ڈی پی او قصور علی ..

چونیاں(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 جون۔2016ء )ڈی پی او قصور علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ضلع قصور کی عوام کے لئے میرے دروازے ہروقت کھلے ہیں اور میں ان کی خدمت کے لئے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔ ضلع قصور کے عوام نے جتنا مجھے پیار اور تعاون دیا ہے میں ان کا بے حد ممنون ہوں۔ کام چو اورراشی پولیس افسران وہ اپنے تبادلے کرواکر یہاں سے چلے جائیں انہیں بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سینتس پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی اور تہتر جرائم پیشہ افراد کو ٹھکانے لگایا جاچکا ہے۔ آئندہ بھی جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی جاری رہے گی۔ وہ کمیونٹی سنٹر چونیاں میں کھلی کچہری سے خطاب کررہے تھے۔ کھلی کچہری میں شکایات کے انبار اور موقعہ پر حل کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے برملا اعلان کیا کہ آئندہ صرف درخواست پر کسی کو نہیں پکڑا جائے گا بلکہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد بھی صفائی کا موقعہ دیا جائے گا۔

ملزم ثابت ہونے پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ بلاوجہ تذلیل کرنے والے افسران کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور مقدمات میں تاخیراور تفتیش میں کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ایس ایچ اوز تھانہ سٹی چونیاں، کنگن پور، چھانگامانگا، الہ آباد کو شوکاز نوٹس جاری کیے اور سروس بھی ضبط کی۔ تھانہ سٹی چونیاں کے یارمحمداے ایس آئی کی ایک سال سروس ضبط کرنے کے علاوہ محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دیا۔

انہوں نے وارننگ دی کہ بالاافسران کے احکامات کی تعمیل اور تکمیل نہ کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی۔ مقدمات کے اندراج میں تاخیر، تفتیش میں میرٹ کو نظرانداز کرنے پر بھی بازپرس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ راشی اور کام چور افسروں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کو محکمہ سے ہی فارغ کردیا جائے۔ انہوں نے مرداور خواتین کی شکایات بغورسنی۔

موقعہ پر ہی ریلیف مہیا کیا۔ اقبال ٹاؤن چونیاں کی اس شکایت پر کہ ان چار مرلہ کے پلاٹ پر مقامی کونسلر نے قبضہ جمارکھا ہے۔ ڈی پی او نے فوری طور پر پلاٹ واگزار کرنے کی ہدایت کی۔ ایس ایچ او اور دیگر پولیس ملازمین کمیونٹی سنٹر پر شکایات کرنے والوں کو اندرجانے سے روکتے رہے مگر پھر بھی بیسیوں لوگ ہال میں پہنچ گئے۔ اس موقعہ پر اسسٹنٹ کمشنر چونیاں شیخ محمدسلیم خالد اور ڈی ایس پی مرزاعبدالقدوس بیگ بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں کونسلروں، معززین نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی