لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کمرشلائزیشن فیس کی مد میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام

مالی سال2015-16کے لیے پانچ ارب روپے کا ہدف دیا گیا،ایل ڈی اے صرف دو ارب53 کروڑ روپے ہی وصول کر سکا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 جون 2016 12:41

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کمرشلائزیشن فیس کی مد میں ہدف حاصل کرنے میں ..

لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02جون۔2016ء) ایل ڈی اے مالی سال دوہزار پندرہ، سولہ میں کمرشل فیسوں کی وصولی کاہدف حاصل کرنے میں ناکام۔ پانچ ارب روپےکے ہدف میں صرف دو ارب تریپن کروڑ وصول، ٹی ایم اے سے ٹرانسفر شدہ ایک سو سینتالیس سڑکوں سے کمرشل فیس وصول نہ کی جاسکی۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مالی سال دوہزار پندرہ ،سولہ میں کمرشلائزیشن فیس کی مد میں پانچ ارب روپے کا ہدف دیا گیا تھا تاہم ایل ڈی اے کے شعبہ کمرشلائزیشن نے گیارہ ماہ میں صرف دو ارب تریپن کروڑ روپے ہی وصول کئے ہیں۔

شعبہ کمرشلائزیشن ذرائع کے مطابق ہدف پورا نہ کرنے کی تین بنیادی وجوہات بتائی جارہی ہیں جن میں ٹی ایم ایز کی جانب سے تین سال قبل ایل ڈی اے کو ٹرانسفر ہونے والی ایک سو سینتالیس سڑکوں سے وصولی نہ ہونا بڑی وجہ ہے جبکہ جن مالکان کو کمرشلائزیشن نہ کرانے پر نوٹسز جاری کئے گئے یا فیسوں کے چالان جاری ہوئے انہوں نے عدالتوں سے حکم امتناعی لے لیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایل ڈی اے کی جانب سے شہر کی مزید تین رہائشی سکیموں کی کلاسیفیکیشن ،ری کلاسیفیکیشن کے فیصلے پر تاحال عملدرامد نہیں ہوا۔ ایل ڈی اے حکام نے کمرشلائزیشن فیسوں کی وصولی میں ہدف خسارے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ دار افسران و ملازمین سے جواب طلب کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے کی جانب سے کمرشل فیسوں کی وصولیوں کے ہدف میں بری طرح ناکامی کے باوجود آئیندہ مالی سال میں دوبارہ پانچ ارب روپے ریونیو ہدف رکھنے کی تجویز دی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :